مسجد نبویﷺجانے والے راستے خوشبوؤں سے معطر

فضا میں خوشبوئیں بکھیرنے کیلئے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال شروع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 جولائی 2023 17:24

مسجد نبویﷺجانے والے راستے خوشبوؤں سے معطر
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جولائی 2023ء ) مسجد نبویﷺ جانے کے لیے استعمال ہونے والے راستوں پر فضا میں خوشبوئیں بکھیرنے کیلئے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال شروع کردیا گیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے حجاج کرام کی سڑکوں پر خوشبو کے اسپرے کرنے والے آلات نصب کر دیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے حکام نے ایسے سمارٹ آلات متعارف کرائے ہیں جو اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے زائرین کے زیر استعمال سڑکوں پر ہوا میں خوشبو چھڑکیں گے، مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نصب کیے گئے آلات کو مسجد کے شمالی جانب اسٹورز کے قریب بیٹھنے کی جگہ پر بھی نصب کیا گیا ہے۔

متعلقہ ادارے نے کہا ہے کہ یہ اقدام مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مسجد نبوی ﷺ میں جانے والے نمازیوں اور زائرین کی خدمت کے لیے کیے گئے اقدامات اور انسان دوست شہروں کے منصوبوں کا ایک حصہ ہے جو مقدس مقام کے ارد گرد کے مناظر کو فروغ دینے کی کوششوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے، مرکزی علاقے میں لاگو کیے گئے منصوبے درجہ حرارت کو کم کرنے والے مواد اور طریقوں کے استعمال پر مبنی ہیں جیسے کہ سڑکوں کے کنارے درخت لگانا، بیٹھنے کی جگہیں مختص کرنا، فٹ پاتھوں اور پیدل چلنے والے علاقوں کو نان ہیٹنگ ماربل کے ساتھ کوٹنگ کرکے درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے غیر مجاز گاڑیوں کو داخلے سے روکنا شامل ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اسی سلسلے میں ہوٹلوں سے براہ راست مسجد نبوی ﷺ تک پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے راستے فراہم کیے گئے ہیں، مزید برآں دن کی روشنی میں مسجد کے شمالی، جنوبی اور مغربی صحنوں میں 245 سے زائد چھتریاں پھیلی ہوئی ہیں، جن میں اسپرے پنکھے لگے ہوئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کو ٹھنڈا کیا جا سکے، نمازیوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور انہیں دھوپ سے بچایا جا سکے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں