مسجد نبوی ﷺ ریاض الجنہ میں حاضری کا نیا نظام

کسی بھی شخص کو سال میں صرف ایک بار زیارت کا پرمٹ ملے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جنوری 2024 12:52

مسجد نبوی ﷺ ریاض الجنہ میں حاضری کا نیا نظام
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے مسجد نبوی ﷺ ریاض الجنہ میں حاضری کا نیا نظام متعارف کروانے کی تیاری کی ہے جس کے تحت کسی بھی شخص کو سال میں صرف ایک بار زیارت کا پرمٹ ملے گا۔ العربیہ نیوز نے سعودی اخبار ’الوطن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ ریاض الجنہ میں زائرین کی آمد ورفت کے حوالے سے آسانی پیدا کرنے اور راہداریوں کا نیا نظام نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بارے میں انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’وزارت حج و عمرہ سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں کسی بھی زائر کو سال میں صرف ایک بار ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ ملے گا، جس کے بعد دوبارہ نئے پرمٹ کا حصول 365 دن گزرنے پر نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا۔

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023 کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں کئی لاکھ افراد کا ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں