زائرین کی ریکارڈ تعداد میں مسجد نبوی ﷺ آمد

ایک سال میں 28 کروڑ سے زائد افراد نے حاضری کی سعادت حاصل کرلی

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 جنوری 2024 15:03

زائرین کی ریکارڈ تعداد میں مسجد نبوی ﷺ آمد
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء ) دنیا بھر سے زائرین کی ریکارڈ تعداد 2023ء میں مسجد نبوی ﷺ پہنچی اور ایک سال میں 28 کروڑ افراد نے عبادت کا شرف حاصل کرلیا۔ سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023 کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔

اسی طرح عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں کئی لاکھ افراد کا ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی، ہم نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شراکت داروں سے مل کر براہ راست پروازوں میں اضافہ کیا ہے، پہلے 164 ایئرپورٹس سے پروازیں آتی تھیں اب ان کی تعداد 32 فیصد اضافے کے ساتھ 216 ہوچکی ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں