مدینہ منورہ میں سیاحوں کیلئے نئے منصوبے کا اعلان

مسجد نبوی ﷺ کے قریب ’اسلامک سویلائزیشن ویلج‘ زائرین کیلئے بھی انتہائی پرکشش مقام ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 جنوری 2024 11:43

مدینہ منورہ میں سیاحوں کیلئے نئے منصوبے کا اعلان
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے مدینہ منورہ میں سیاحوں کی دلچسپی کا نیا منصوبہ شروع کردیا، ’اسلامک سویلائزیشن ویلج‘ زائرین کیلئے پرکشش مقام ہوگا۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رؤی المدینہ ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے مدینہ منورہ میں ’قریہ الحضارۃ الاسلامیہ‘ (اسلامک سویلائزیشن ویلج) قائم کیا جارہا ہے، مسجد نبوی ﷺ کے قریب بننے والا یہ منصوبہ دنیا بھر سے مدینہ منورہ آنے والے زائرین کے لیے انتہائی پرکشش اور منفرد مقام ہوگا، اس میں 8 مختلف مقامات کا تعارف کرایا جائے گا، جن میں جزیرہ نمائے عرب، مشرق عربی، جنوبی ایشیاء کے اسلامی علاقے، مغرب عربی، مشرقی ایشیاء کے ممالک کا علاقہ، شاہراہ ریشم، اندلس اور افریقہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اسلامک سویلائزیشن ویلج 2 لاکھ 57 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہوگا، اس منصوبے کے ذریعے اسلام کے قلعے اور اسلامی تاریخ کے مرکز کے طور پر سعودی عرب کی تاریخ کو بھی اجاگر کیا جائے گا، مختلف قسم کی سرگرمیاں، مہمان نوازی کی شاندار خدمات اور تاریخی شوز کا انعقاد کیا جائے گا جو اسلامی دنیا کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں کو سامنے لائے گا، اسلامک سویلائزیشن ویلج مختلف قسم کے تجارتی مراکزپر بھی مشتمل ہوگا جہاں ریٹیل میں سامان فروخت کرنے والی دکانیں بھی کھولی جائیں گی۔

معلوم ہوا ہے کہ اسلامک سویلائزیشن ویلج میں منفرد ڈیزائن اور اچھوتی ثقافتوں کے نمائندہ ریسٹورنٹ اور قہوہ خانے بھی کھولے جائیں گے، جن کا رقبہ 11 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہوگا، منصوبے میں 12 اعشاریہ 8 ہزار مربع میٹر کا تفریحی علاقہ بھی ہوگا جہاں سبزہ زار ہوں گے اور مختلف قسم کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، مدینہ منورہ آنے والے زائرین اپنے قیام کے دوران اسلامک سویلائزیشن ویلج کی سیر کرکے ثقافتی اور تہذیبی معلومات کا حاصل کرسکیں گے جہاں انہیں منفرد ضیافت کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

رؤی المدینہ ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او احمد الجہانی نے بتایا کہ ایک تعلیمی اور تفریحی ثقافتی مرکز کے طور پر پروجیکٹ کا مقصد پوری تاریخ میں مسلمانوں کی سائنسی کامیابیوں اور شراکت کو اپنے ثقافتی اجزاء اور انٹرایکٹو مواد کے ذریعے ظاہر کرنا ہے، سعودی ویژن 2030ء کے مقاصد کے طور پر مدینہ منورہ میں ایک تبدیلی کے اضافے کے طور پر یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نا صرف ثقافتی کشش ہے بلکہ ایک ممکنہ اقتصادی مرکز بھی ہے، یہ نجی شعبے کی شمولیت، سرمایہ کاری کے امید افزا امکانات اور سعودی شہریوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے، جس سے مدینہ منورہ کی حیثیت ایک سرکردہ اسلامی سیاحتی مقام کے طور پر بڑھ جائے گی۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں