مسجد نبوی ﷺ میں نمازیوں کے سکون کیلئے اہم اقدام

زائرین اور نمازیوں کو پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے 600 مشینیں کام کرنے لگیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 جولائی 2023 14:57

مسجد نبوی ﷺ میں نمازیوں کے سکون کیلئے اہم اقدام
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جولائی 2023ء ) مسجد نبوی ﷺ میں زائرین اور نمازیوں کو پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے 600 مشینیں کام کرنے لگیں۔ العربیہ نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ مسجد نبویﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی 600 مشینوں اور آلات کے ذریعے صفائی کے کام کی کارکردگی بہتر بنا رہی ہے، یہ مشینیں انسانی نظم و نسق یا مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے خودکار طریقے سے چل رہی ہیں، جن کے ذریعے مسجد نبوی ﷺ میں صفائی اور ماحول کو جراثیم سے پاک کرنے کے آپریشن کیے جاتے ہیں، اس مقصد کے لیے یہ مشینیں دن رات چوبیس گھنٹے کام کرتی ہیں تاکہ ماحول دوست مواد استعمال کرکے نمازیوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اسی طرح مسجد نبویﷺ جانے کے لیے استعمال ہونے والے راستوں پر فضا میں خوشبوئیں بکھیرنے کیلئے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال شروع کیا گیا ہے اور مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے حجاج کرام کی سڑکوں پر خوشبو کے اسپرے کرنے والے آلات نصب کر دیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے حکام نے ایسے سمارٹ آلات متعارف کرائے ہیں جو اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے زائرین کے زیر استعمال سڑکوں پر ہوا میں خوشبو چھڑکیں گے، مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نصب کیے گئے آلات کو مسجد کے شمالی جانب اسٹورز کے قریب بیٹھنے کی جگہ پر بھی نصب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے نے کہا ہے کہ یہ اقدام مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مسجد نبوی ﷺ میں جانے والے نمازیوں اور زائرین کی خدمت کے لیے کیے گئے اقدامات اور انسان دوست شہروں کے منصوبوں کا ایک حصہ ہے جو مقدس مقام کے ارد گرد کے مناظر کو فروغ دینے کی کوششوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے، مرکزی علاقے میں لاگو کیے گئے منصوبے درجہ حرارت کو کم کرنے والے مواد اور طریقوں کے استعمال پر مبنی ہیں جیسے کہ سڑکوں کے کنارے درخت لگانا، بیٹھنے کی جگہیں مختص کرنا، فٹ پاتھوں اور پیدل چلنے والے علاقوں کو نان ہیٹنگ ماربل کے ساتھ کوٹنگ کرکے درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے غیر مجاز گاڑیوں کو داخلے سے روکنا شامل ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسی سلسلے میں ہوٹلوں سے براہ راست مسجد نبوی ﷺ تک پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے راستے فراہم کیے گئے ہیں، مزید برآں دن کی روشنی میں مسجد کے شمالی، جنوبی اور مغربی صحنوں میں 245 سے زائد چھتریاں پھیلی ہوئی ہیں، جن میں اسپرے پنکھے لگے ہوئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کو ٹھنڈا کیا جا سکے، نمازیوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور انہیں دھوپ سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں