متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ توڑ سردی

العین کے علاقے میں پانی تک جم گیا، درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے گر گیا، 3 دن کے دوران 2 مرتبہ کم سے کم درجہ حرارت 0 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 11 جنوری 2021 22:37

متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ توڑ سردی
العین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ توڑ سردی، العین کے علاقے میں پانی تک جم گیا، درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے گر گیا۔ خلیجی ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات بھی ان دنوں شدید سردی کی لہر کی زد میں ہے۔ عمومی طور پر متحدہ عرب امارات گرم ترین موسم کیلئے مشہور ہے، تاہم رواں موسم سرما میں اماراتی علاقے العین میں انتہائی شدید سردی پڑ رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران العین میں 2 مرتبہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ 2 دن قبل علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیر کے روز کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 عشاریہ 2 ریکارڈ کیا گیا۔ اس قدر شدید سردی میں پانی تک جم گیا۔

(جاری ہے)

موسم کی اس تمام صورتحال میں متحدہ عرب امارات میں دہائیوں سے رہائش پذیر تارکین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے کبھی اس ملک میں اس قدر شدید سردی نہیں دیکھی۔

لوگ سمجھتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات میں موسم صرف گرم ہوتا ہے، لیکن ہر سال کچھ ہفتے ایسے بھی ہوتے ہیں جب سردی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ جبکہ اس سال تو سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 1978 سے رہائش پذیر ایک غیر ملکی کا کہنا ہے کہ اس نے امارات میں کبھی بھی سردی کی شدت میں اس قدر اضافہ ہوتے نہیں دیکھا۔ متحدہ عرب امارات میں دہائیوں سے رہائش پذیر غیر ملکیوں کی رائے میں رواں رواں برس سردی کی شدت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

العین میں شائع ہونے والی مزید خبریں