متحدہ عرب امارات میں سال کا سرد ترین دن ریکارڈ

خلیجی ملک کے ایک حصے میں درجہ حرارت 5 اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جنوری 2024 13:51

متحدہ عرب امارات میں سال کا سرد ترین دن ریکارڈ
العین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں اس سال کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے اس دوران درجہ حرارت 5 اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت آخر کار ایک ہندسے تک پہنچ چکا ہے اور 10 جنوری کو ملک میں اس سال کا سرد ترین دن سرکاری طور پر ریکارڈ کیا گیا، جس میں صبح 7 بج کر 30 منٹ پر العین کے علاقہ رکنہ میں درجہ حرارت 5 اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، یہ اس سال اب تک این سی ایم کے ذریعہ ریکارڈ کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رکنہ میں اس سال دیگر علاقوں کے مقابلے میں سردی زیادہ رہا ہے، تاہم 9 جنوری کو جبل جیس پہاڑ میں درجہ حرارت میں 7 اعشاریہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ریکارڈ کی گئی، 2024ء کے آغاز سے ملک میں پارا 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جا چکا ہے، کچھ پہاڑی علاقوں میں اس سے بھی کم درجہ حرارت دیکھنے کی توقع ہے، اب تک ریکارڈ کیا گیا ملکی تاریخ کا سب سے سرد دن 2021ء میں رکنہ میں ہی گزرا ہے جب درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سردیوں کے مہینوں کا باضابطہ طور پر آغاز 21 دسمبر کے بعد ہوا اور ماہرین کا کہنا ہے ملک میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کم سردی کا تجربہ ہوا ہے، دسمبر کا اوسط درجہ حرارت بھی پچھلے سالوں کے مقابلے زیادہ رہا ہے، سیاحت اور ایڈونچر کے شوقین جبل جیس کے دلکش برف پوش پہاڑوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے سرد موسم کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں، راس الخیمہ کا یہ مقبول پہاڑی سلسلہ موسم سرما کا سب سے پرکشش مقام ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں بہت سے سیاحتی مقامات ہیں لیکن سردیوں میں سب سے بہترین جبل جیس قرار دیا گیا ہے کیوں کہ جب سیاح اس مقام پر پہنچتے ہیں تو انہیں سکون سے بھرپور بہترین تجربہ ہوتا ہے، سردیوں کے مہینوں میں برف سے ڈھکے سفید پہاڑ ان کے سیاحتی تجربے کو مزید پرجوش بنا دیتے ہیں۔

العین میں شائع ہونے والی مزید خبریں