متحدہ عرب امارات میں خاندانی وراثت کا تنازع 3 جانیں لے گیا

العین میں نوجوان کو خاندانی وراثت کے تنازع پر اپنے ہی خاندان کے تین افراد کو قتل کرنے پر سزائے موت سنادی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 فروری 2022 16:46

متحدہ عرب امارات میں خاندانی وراثت کا تنازع 3 جانیں لے گیا
العین ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں اپنے ہی خاندان کے 3 افراد کو گولی مار کر قتل کرنے والے شخص کو سزائے موت سنادی گئی ، دوسرے ملزم کو 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ۔ یو اے ای میڈیا کے مطابق العین میں ایک نوجوان کو خاندانی وراثت کے تنازع پر اپنے خاندان کے تین افراد کو قتل کرنے پر سزائے موت سنائی گئی ہے کیوں کہ العین کریمنل کورٹ آف فرسٹ انسٹینس نے اس شخص کو منصوبہ بند قتل کا مجرم پایا ، اسے لائسنس کے بغیر دو آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے اور سائیکو ٹراپک مادے رکھنے اور استعمال کرنے کا بھی مجرم قرار دیا گیا جب کہ اس کے ساتھی اور کیس میں دوسرا مدعا علیہ کو قتل میں حصہ لینے اور غیر قانونی طور پر آتشیں اسلحہ رکھنے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ، عدالت نے اس شخص کو حکم دیا کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ کو خون کے بدلے رقم ادا کرے۔

(جاری ہے)

سرکاری عدالتی تفصیلات میں بتایا گیا کہ پہلے مدعا علیہ نے جان بوجھ کر متاثرین کو دو آتشیں اسلحہ تیار کرنے اور گولہ بارود سے بھرنے کے بعد قتل کیا ، اس کے بعد وہ ان کے گھر گیا اور جیسے ہی اسے معلوم ہوا کہ وہ اندر ہیں ، وہ گھر میں داخل ہوا اور ان پر گولی چلا دی ، گولیاں متاثرین کے جسم کے مختلف حصوں کو چیرتی ہوئی گزر گئیں جس سے ان کی موت واقع ہوئی ، اسے دوسرے مدعا علیہ نے حملوں میں مدد فراہم کی۔

پولیس اور پبلک پراسیکیوشن کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مقدمے کا مرکزی مدعا علیہ ایک سابقہ مجرم ہے جس کا اپنے خاندان کے ساتھ وراثت کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا اور اس نے پہلے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں ، جرم کرنے سے پہلے اس شخص نے دوسرے مدعا علیہ سے رابطہ کیا اور اسے اپنے گھر آنے کو کہا جب ساتھی پہنچا تو مجرم آتشیں اسلحے کے ساتھ اپنی گاڑی میں سوار ہوا اور گھر والوں کے گھر چلا گیا۔

تحقیقات کے مطابق وہاں پہنچ کر وہ بندوق ہاتھ میں لیے گاڑی سے باہر نکلا اور گھر والوں کو پکارتا ہوا ہال میں داخل ہوا ، اس نے انہیں دیکھتے ہی فائر کھول دیا ، مقتولین کو قتل کرنے کے بعد دونوں افراد ہتھیار اور باقی ماندہ گولہ بارود لے کر گھر سے نکل گئے ، اس کے بعد مرکزی ملزم نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی اور قتل کا اعتراف کرنے کے بعد خود کو حوالے کر دیا جب کہ پبلک پراسیکیوشن اور عدالت میں پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے خاندان کے افراد کو گولی مار کر قتل کرنے کا اعتراف کیا جب کہ دوسرے مدعا علیہ نے قتل کے وقت جائے وقوعہ پر موجود ہونے اور قاتل اور قتل کے اسلحے کو اپنی گاڑی میں منتقل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

العین میں شائع ہونے والی مزید خبریں