دُبئی: خاتون کا لیپ ٹاپ چُرانے والی دو صفائی ملازمائیں گرفتار

دونوں ملازماؤں نے سُپر مارکیٹ کے واش رُوم سے لیپ ٹاپ اُٹھایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 جنوری 2019 17:21

دُبئی: خاتون کا لیپ ٹاپ چُرانے والی دو صفائی ملازمائیں گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری 2019ء) عدالت نے دو فلپائنی ملازماؤں کو ایک خاتون کا لیپ ٹاپ چُرانے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔ استغاثہ کے مطابق اماراتی خاتون ایک سُپر مارکیٹ میں شاپنگ کی غرض سے گئی۔ تھوڑی دیر بعد وہ لیڈیز واش رُوم میں گئی، وہیں ایک کونے میں اُس نے اپنا لیپ ٹاپ بھی رکھ دیا۔ تھوڑی دیر بعد وہ واش رُوم سے نکل پڑی تاہم اُسے اپنا لیپ ٹاپ اُٹھانا یاد نہ رہا۔

شاپنگ کے دوران اُسے اچانک یاد آیا کہ اُس کا میک بُک پرو لیپ ٹاپ واش رُوم میں ہی رہ گیا ہے۔خاتون نے بوکھلاہٹ کی حالت میں فوری طور پر واش رُوم کا رُخ کیا مگر وہاں اپنا لیپ ٹاپ نہ پا کر اُسے سخت مایوسی ہوئی۔ جس پر خاتون نے فوری طور پر پولیس کو کال کر کے بتایا کہ اُس کا لیپ ٹاپ چُرا لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی تفتیش کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ لیپ ٹاپ لیڈیز واش رُوم کی صفائی کرنے والی دو فلپائنی ملازماؤں نے چُرایا ہے۔

اس مہنگے لیپ ٹاپ کی مالیت 21ہزار درہم کے قریب تھی۔ گرفتار ملازماؤں نے عدالت کو اپنی صفائی میں بتایا کہ انہوں نے لیپ ٹاپ چوری نہیں کیا بلکہ اُنہیں واش رُوم کے فرش پر پڑا ہوا مِلا۔ اماراتی خاتون کا کہنا تھا کہ اُسے اپنا لیپ ٹاپ بھُولنے کے تھوڑی دیر بعد ہی یاد آ گیا تھا، اگر فلپائنی ملازماؤں کی نیت چُرانے کی نہ ہوتی تو وہ اس بارے میں انتظامیہ کو ضرور آگاہ کرتیں اور میری امانت مجھ تک لوٹانے کا انتظام کرتیں۔ عدالت نے دونوں ملازماؤں کو چوری کا ذمہ دار قرار دے کر تین تین ماہ کی سزا سُنا دی۔ دونوں فلپائنی ملازماؤں کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں