دُبئی: پاکستانی نے نشے کی حالت میں بھارتی ملازم کو قتل کر دیا

مقتول اور قاتل دونوں ایک ہی کمرے میں مقیم تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جنوری 2019 11:38

دُبئی: پاکستانی نے نشے کی حالت میں بھارتی ملازم کو قتل کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری 2019ء) جبلِ علی کے علاقے میں ایک پاکستانی ملازم نے اپنے ساتھی بھارتی ملازم کو خنجر کے وار کر کے موت کے گھاٹ اُتار دِیا۔ 37 سالہ پاکستانی ملزم نے جس وقت یہ حرکت کی، اُس وقت وہ نشے کی حالت میں تھا۔ مقتول کے سینے میں لگنے والا خنجر کاوار اُس کی فوری موت کا باعث بتایا جاتا ہے۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم نے بتایا کہ اُس سے نشے کی حالت میں یہ جُرم سرزد ہوا، تاہم اُس کا اپنے ساتھی ملازم کو قتل کرنے کا کوئی سوچا سمجھا منصوبہ نہیں تھا، یہ سب اچانک ہو گیا۔

پاکستانی قاتل کے بھارتی فورمین نے بتایا کہ ملزم رات دیر گئے تک کمپنی کی رہائش گاہ کے کمرے میں پہنچا۔ اُس کے کمرے میں اور بھی بہت سے کارکن سو رہے تھے۔ ملزم نے لائٹ جلا کر اُن کی نیند خراب کر دی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ موبائل فون پر کسی سے باتیں کر کے اُنہیں مزید پریشان کرنے لگا۔ جس پر سوئے ہوئے کارکنان کے ساتھ ملزم کی تلخ کلامی ہو گئی۔ رہائش گاہ میں ہی موجود بھارتی فور مین کو جھگڑے کی اطلاع مِلی تو ملزم کے کمرے میں گیا اور اُسے سمجھایا کہ اُسے اگر دُوسرے ملازمین کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے، تو مجھ سے بات کرے، تاکہ میں خود اُن سے بات کروں۔

کیونکہ انچارج ہونے کے ناتے یہ میری ذمہ داری ہے۔ اس کے بعد فورمین کمرے سے چلا گیا۔تو تھوڑی دیر بعد مقتول بھارتی نے پاکستانی ملازم سے کہا کہ وہ اپنا سامان پیک کر کے اس کمرے سے نکل جائے اور کسی اور کمرے میں اپنا ٹھکانہ کرے۔اس بات پر ملزم نے دھمکی دی کہ وہ کمرے میں موجود سارے کارکنوں کو پیٹ دے گا۔ اس بات پر مقتول ملزم سے گُتھم گُتھا ہو گیا۔ اس لڑائی کے دوران ملزم نے اپنے بیگ میں پڑا خنجر باہر نکالا اور مقتول کے سینے میں اُتار دیا، جس سے اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 27 جنوری 2019ء کو ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں