امارات میں خراب موسم کے حوالے سے وارننگ دے دی گئی

محکمہ داخلہ کی جانب سے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 فروری 2019 17:23

امارات میں خراب موسم کے حوالے سے وارننگ دے دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری 2019ء) متحدہ عرب امارات کچھ ہفتوں سے خراب موسم کی لپیٹ میں ہے۔ اکثر مقامات پر تیز بارشوں نے جہاں نظامِ زندگی درہم برہم کیا وہاں صحراؤں میں چلنے والے ہوا کے تیز جھکڑ بھی شہریوں کی جان کو آ گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے امارات میں مقیم غیر مُلکیوں اور مقامی شہریوں کو موسم کے حوالے سے 7 خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

موسم کے حوالے سے جاری اس ہدایت نامے میں کہا گیا ہے ’’موسم کی خراب صورتِ حال کے باعث، تمام ڈرائیورز حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ڈرائیور کرتے وقت محتاط رہیں۔‘‘ یہ سوشل میڈیا پوسٹ وزارت داخلہ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ہے۔ وزارت کی جانب سے دی گئی ہدایات مندرجہ ذیل ہیں:
1۔ وادیوں میں بہتی ندیوں اور جھیلوں کے کنارے بیٹھ کر یا اُنہیں عبور کرنے کی کوشش کر کے اپنی جان میں خطرے میں نہ ڈالیں۔

(جاری ہے)


2۔ ان ندیوں اور جھیلوں کے کنارے بیٹھنے سے کوئی چٹان بھی آپ پر آ کر گر سکتی ہے، اس لیے ایسا کرنے سے گریز کریں۔
3۔ ان مقامات پر ڈرائیور حضرات کو پانی کے تیز بہاؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے سفر کرنے سے اجتناب کرنا ہی بہتر ہو گا۔
ؓ 4۔ کئی مقامات پر پانی سڑکوں اور پُلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
5۔ اپنے بچوں کو جھیلوں اور تالابوں کے کنارے نہ کھیلنے دیں۔
6۔ مُوسلا دھار بارشوں اور بہتے پانی کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہیں اور کئی مقامات پر سڑکوں پر بہت زیادہ پھسلن ہو گی۔
7۔ ندی کے بہاؤ کے کنارے کھڑے ہو کر اُونچائی سے دیکھنا خطرناک ہے، کیونکہ اس سے آپ کو چکر آسکتے ہیں جس کے باعث آپ پانی میں گِر بھی سکتے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں