ابو ظہبی:خطرناک جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ہو گا

پالتو جانوروں کو لاوارث چھوڑ جانے والے بھی جرمانے سے نہیں بچ سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 مارچ 2019 15:42

ابو ظہبی:خطرناک جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ہو گا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2019ء) ابو ظہبی میونسپلٹی نے واضح کیا ہے کہ جانوروں کی نگہداشت اور تحفظ کے حوالے سے اہم فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت اگر کوئی شخص پالتو جانور کسی 18 سال کے کم عمر فرد کے ہاتھ فروخت کرتا پایا گیا تو اُس پر تین ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی شخص پرمٹ کے بغیر جانوروں کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا یا بیمار جانور پرندے فروخت کرنے کی کوشش کرتا ہے، تو اُسے بھی جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔

قواعد و ضوابط کے مطابق کوئی شخص اپنے پالتو جانور پارکس، ساحلِ سمندر، شاپنگ مال اور دیگر پبلک مقامات پر نہیں لا سکتا، ایسا کرنے والے کو بھی جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔تاہم جانوروں کے لیے مخصوص مقامات پر ایسا کرنے کی مناہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میونسپلٹی نے واضح کیا کہ خطرناک جانوروں کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو بھی دس ہزار درہم کا بھاری جرمانہ ہو سکتا ہے، اسی طرح اپنے پالتو جانوروں کو لاوارث چھوڑ جانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن پر دس ہزار درہم کا ہی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

میونسپلٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد جانوروں اور پرندوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کا ریکارڈ رکھنا اور اُنہیں ناروا سلوک سے بچانا ہے۔ اسی طرح انسانوں کو نقصان پہنچانے والے جانوروں کو کھُلے عام گھُمانے پھرانے کے رحجان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ میونسپلٹی کی جانب سے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پالتو جانوروں کی فروخت سے پہلے لائسنس اور میڈیکل سرٹیفکیٹس ضرور حاصل کریں ۔ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو پھر ان کی فروخت یا خرید غیر قانونی تصور کی جائے گی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے جانوروں کی اچھی دیکھ بھال کریں اور انہیں ایسے پُرسکون ماحول میں رکھیں جس سے ہمسایوں کے آرام اور سکون میں بھی خلل واقع نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں