دُبئی: انعامی رقم کا جھانسہ دے کر عرب شہری سے 2 لاکھ ڈالرز لُوٹ لیے

نوسرباز گینگ نے متاثرہ شخص کو اطلاع دی تھی کہ اُس کا 27 ملین ڈالر کا انعام نکلا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 مئی 2019 11:48

دُبئی: انعامی رقم کا جھانسہ دے کر عرب شہری سے 2 لاکھ ڈالرز لُوٹ لیے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 11 مئی 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک نوسرباز گینگ نے عرب شہری کو انعامی رقم کا جھانسہ دے کر اُس سے 2 لاکھ ڈالرز ہتھیا لیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب شہری نے پولیس کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اُسے فیس بُک پر ایک شخص نے اطلاع دی تھی کہ وہ اماراتی بینک کا نمائندہ ہے۔ جس کی انعامی سکیم میں اُس کا 27 ملین ڈالر کا انعام نکلا ہے۔

خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرنے والے نے اسے کہا کہ وہ انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ کی کاپی بھیجے اور ساتھ ہی پراسس چارجز کی مد میں 21 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ انعامی رقم کے حصول کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ کچھ روز بعد جعلی نمائندے نے مُدعی سے مزید 27 ہزار ڈالر بینک کی فیس کی مد میںہتھیا لیے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد پھر 43 ہزار اور پھر 50 ہزار ڈالر طلب کیے گئے۔ یہ سادہ لوح عرب باشندہ چُپ کر کے انعامی رقم کے لالچ میں تمام ادائیگیاں کرتا اور اس نے تفتیش کرنے کی زحمت بھی گوارا نہ کی۔ اس کے بعد افریقی گروہ نے عرب شہری کو دُبئی میں بُلایا اور جعلی ڈالرز سے بھرا ہوا ایک بیگ اُس کے حوالے کر دیا۔عرب باشندے نے گھر جا کر نوٹ چیک کیے تو اسے ان پر جعلی ہونے کا شبہ ہوا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔ جس پر اُس نے مقامی پولیس اسٹیشن میں افریقی گینگ کے ملزمان کے خلاف دھوکا دہی کی درخواست جمع کرا دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد پر مبنی افریقی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں