دُبئی بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی

شفیق احمد ولد محمد احمدکا تعلق ملتان سے تھا جبکہ شہزاد خان ولد سرفراز خان خیبر پختونخواہ کا رہائشی تھا دونوں اشخاص ویزہ کی مُدت بڑھانے کی امیگریشن پالیسی کی تکمیل کے سلسلے میں اومان گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 جون 2019 14:52

دُبئی بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،8 جُون2019ء) دُبئی میں واقع پاکستانی مشن کی جانب سے 6جُون 2019ءکو پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں زندگی سے محروم ہونے والے دو پاکستانیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر 17 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جن میں اکثریت بھارتی باشندوں کی ہے۔ پاکستانی مشن کے ویلفیئر آفیسر نے مقامی اخبار کو بتایا کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کے نام شفیق احمد ولد محمد احمد اور شہزاد خان ولد سرفراز خان ہیں۔

جبکہ ایک پاکستانی جنید خان کی بھی ہڈی فریکچر ہوئی جسے طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ شفیق احمد کے گھر والوں کو اس المناک واقعے کی اطلاع کر دی گئی اور اُس کی میت پاکستان واپس بھجوانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ شہزاد خان کی سفری دستاویزات دُبئی حکام کے پاس ہیں، جُونہی اُس کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات مِلیں گی تو اُس کی میت بھی انشاءاللہ اتوار تک واپس پاکستان بھجوا دی جائے گی۔

پاکستانی قونصل خانے کے افسران بھی رشید ہسپتال میں گزشتہ رات سے موجود ہیں۔ قونصل خانے کے مطابق دونوں متوفی پاکستانی اماراتی ویزہ کی مُدت ختم ہونے کے بعد امیگریشن پالیسی کی تکمیل کے سلسلے میں اومان گئے تھے، جہاں سے واپسی پر اُن کے ویزے میں مزید توسیع ہو جانی تھی۔ مگر موت کے بے رحم جبڑے نے اُن کی زندگی کو تمام تر خواہشات سمیت نگل لیا۔

دُوسری جانب بھارتی قونصل خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بس حادثے میں مارے جانے والے وہ بھارتی جن کی لاشوں کی وطن واپسی کے اخراجات اُن کے کفیل یا کمپنیاں ادا نہیں کر رہے، تو پھر قونصل خانے کی جانب سے تمام تر اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔ جبکہ بھارت کی قومی ایئر لائن ایئر انڈیا کی جانب سے ان کی وطن واپسی کے لیے ٹکٹ کے تمام تر اخراجات اُٹھائے جا رہے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں