دُبئی میں آن لائن بھکاری خاتون نے چند دِنوں میں لاکھوں درہم کما لیے

پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے بچوں کی پرورش کے نام پر 1 لاکھ 84 ہزار درہم اکٹھے کر لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 جون 2019 11:13

دُبئی میں آن لائن بھکاری خاتون نے چند دِنوں میں لاکھوں درہم کما لیے
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،10 جُون2019ء) دُبئی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دُبئی میں مقیم ایک غیر مُلکی خاتون نے امارات والوں کی فیاضی اور رحم دِلی کا فائدہ اُٹھا کر اُن سے چند دِنوں میں لاکھوں درہم بٹور لیے۔ خاتون نے بھیک مانگنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا اور محض17 دِنوں میں 1 لاکھ 84 ہزار درہم کی خطیر رقم جمع کر لی۔ اس خاتون کی شادی ایک اماراتی شخص سے ہوئی تھی ، تاہم آئے روز کے جھگڑوں کے باعث وہ اپنے خاوند سے الگ رہائش پذیر تھی۔

جبکہ اُس کے بچے اپنے باپ کے پاس پرورش پا رہے تھے۔ دُبئی پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر جمال سالم الجلاف نے بتایا کہ خاتون نے فیس بُک، انسٹا گرام اور ٹویٹر پر اپنے اکاﺅنٹ بنا کر وہاں پر خود کو ایک مطلقہ خاتون ظاہر کر کے اپنے بچوں کے نام پر لوگوں سے پیسے مانگنے شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

جب خاتون کے خاوند کو اس بات کا پتا چلا تو اُس نے دُبئی پولیس کے سائبر کرائمز ڈیپارٹمنٹ میں بیوی کے خلاف شکایت درج کرا دی۔

پولیس کی تفتیش سے پتا چلا کہ دراصل خاتون جن بچوں کی پرورش کے نام پر پیسے اکٹھے کر رہی تھی وہ تو کئی سالوں سے اُس کے خاوند کے زیر کفالت تھے۔ خاتون نے سوشل میڈیا صارفین کے آگے خود کو سچا ثابت کرنے اور اُن کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے اپنے بچوں کی تصویریں بھی لگائی تھیں۔ جب یہ تصویریں خاوند کے رشتہ داروں اور دوستوں نے سوشل میڈیا پر دیکھیں تو اُسے بھی ان سے آگاہ کر دیا۔ خاوند نے خاتون پر اپنے بچوں کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں اُس پر مقدمہ درج کرایا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں بھیک مانگنے پر 3 ماہ قید اور پانچ ہزار درہم کا جرمانہ بھُگتنا پڑتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں