دُبئی: پاکستانی ملازم نے بھارتی شخص کے گودام کو آگ لگا دی

ملزم نے پیسوں کے لین دین پر جھگڑے کا غصّہ بھارتی شخص لاکھوں درہم کا نقصان پہنچا کر نکالا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 3 جولائی 2019 12:46

دُبئی: پاکستانی ملازم نے بھارتی شخص کے گودام کو آگ لگا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 3 جُولائی 2019ء) پولیس نے دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان کو ایک بھارتی شخص کے گودام کو آگ لگا کر لاکھوں درہم کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ایک بھارتی شخص سے پیسوں کے لین دین پر جھگڑا تھا، جس کے باعث ملزم نے یہ واردات انجام دی۔ 39 سالہ بھارتی شخص نے استغاثہ کو بتایا کہ اُس نے راس الخور انڈسٹریل ایریا میں ایک گودام لے رکھا تھا۔

ملزم ایک اور شخص کے ہاں کام کرتا تھا۔اکثر اُس سے پیسے اُدھار لیا کرتا تھا جس کے بدلے وہ چیک یا رسید بطور ضمانت لِکھ دیتا تھا۔ ایک بار جب اُس نے ملزم کی جانب سے دیا گیا چیک کیش کرانے کی کوشش کی تو اُس کے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث چیک باؤنس ہو گیا۔ جب اُس نے ملزم سے دو لاکھ درہم کی واپسی کا تقاضا کیا تو اُس نے رقم کی بجائے مشینری دینے کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

ملزم کی مشینری ساتھ والے گودام میں پڑی تھی۔ میں نے رضا مندی ظاہر کر کے اُس کا گودام حاصل کر لیا اور اس پر اپنا تالہ لگا دیا۔ تاہم چند روز بعد ملزم نے میرے تالے کو توڑ کر اُس کی جگہ اپنا تالہ لگا دیا۔ جب میں نے اُس سے فون پر رابطہ کر کے وجہ پوچھی تو وہ مجھے دھمکیاں دینے پر اُتر آیا۔ ملزم نے مجھے کہا کہ وہ میرے گودام کو آگ لگا کر خود دُبئی سے وطن واپس فرار ہو جائے گا۔

میں نے اُس کے مالک کو ساری بات سے آگاہ کیا تو اس نے مجھے تسلّی دی کہ وہ سارا معاملہ سُلجھا دے گا۔ مگر چند روز بعد مجھے کسی نے اطلاع دی کہ میرے گودام کو کسی نے آگ لگا کر وہاں موجود لاکھوں درہم کا سامان راکھ کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اُس نے پٹرول کے گیلن کی مدد سے گودام کو آگ لگا دی۔ اس مقدمے کا فیصلہ 8جولائی 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں