دُبئی: پاکستانی اسمگلر کو 7 سال قید کی سزا ہو گئی، 50 ہزار درہم کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا

پاکستانی نوجوان دُبئی کے ذریعے 4 کلو گرام کرسٹل میتھ کو سعودی عرب منتقل کرنا چاہتا تھاتاہم مخبری پر گرفتار ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 ستمبر 2019 11:19

دُبئی: پاکستانی اسمگلر کو 7 سال قید کی سزا ہو گئی، 50 ہزار درہم کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12ستمبر 2019ء) دُبئی کی عدالت نے ایک پاکستانی شخص کو منشیات کی اسمگلنگ کے جُرم میں سات سال قید اور پچاس ہزار درہم جرمانے کی سزا سُنا دی۔ مجرم کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے وفاقی اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کو اومانی حکام کی جانب سے خبر دی گئی تھی کہ ایک پاکستانی شخص دُبئی منشیات کی مقدار لے کر آئے گا جو بعد میں سعودی عرب منتقل کی جائے گی۔

اومانی حکام کی جانب سے ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی بھیجی گئی، جس میں پاکستانی اسمگلر ایک اور پاکستانی سے کہہ رہا تھا کہ اسے کرسٹل میتھ کی چار کلو گرام کی مقدار دُبئی بھجوائی جائے۔ جسے وہ بعد میں سعودی عرب اسمگل کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ آڈیو سُننے کے بعددُبئی پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا اور جونہی وہ اسمگل شدہ منشیات دُبئی پہنچیں اور ملم نے انہیں وصول کرنے کے لیے متعلقہ شخص سے رابطہ کیا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے اماراتی حکام نے سعودی حکام سے بھی ملزم کی تفصیلات شیئر کیں۔ جس کے بعد سعودی حکام نے سعودی عرب میں موجود ملزم کے منشیات فروش ساتھیوں کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے پکڑی گئی منشیات بھی عدالت میں بطور ثبوت پیش کی گئی۔ ملزم نے خود کو اس معاملے میں بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم ملزم کو جب اس کی آڈیو ریکارڈنگ سُنائی گئی تو اس کے پاس اپنا جُرم قبول کرنے کے اور کوئی راستہ نہ رہا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں