دُبئی میں مقیم امریکی شہری کو فلسطینی نے چُونا لگا دیا

فلسطینی ملزم نے امریکی سے جعلسازی سے تین ہزار درہم ہتھیا لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 اکتوبر 2019 12:49

دُبئی میں مقیم امریکی شہری کو فلسطینی نے چُونا لگا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2 اکتوبر2019ء ) دُبئی پولیس نے ایک فلسطینی باشندے کو جعلی سازی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ 37 سالہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے امریکی شہری کے سامنے خود کو بینک کا ملازم ظاہر کر کے اس سے تین ہزار درہم کی رقم ہتھیا لی۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ فلسطینی ملزم نے امریکی شہری سے رابطہ کر کے خود کو اس کے سامنے بینک کا ملازم ظاہر کیا، جس کی ذمہ داری نئے گاہکوں کے اکاؤنٹ کھولنا تھی۔

امریکی شہری نے اس پر اعتبار کر کے اسے تین ہزار درہم دے دیئے تاکہ وہ اس رقم سے بینک میں اُس کا کمرشل اکاؤنٹ کھُلوا سکے۔ تاہم کئی روز کے بعد بھی جب اُسے بینک کی جانب سے اکاؤنٹ کھُلنے کا پیغام موصول نہ ہوا تو اس نے بینک سے رابطہ کیا جس پر اُسے بتایا گیا کہ اس نام کے کسی بینک ملازم نے اس کا اکاؤنٹ کھُلوانے کے لیے درخواست نہیں دی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد امریکی نے اس جعلساز کے خلاف رپورٹ درج کروا دی۔

امریکی شہری نے بتایا کہ وہ ایک معروف کاسمیٹکس برانڈ کے ایجنٹ کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔ ملزم نے اس سے رابطہ کر کے اکاؤنٹ کھُلوانے کی ترغیب دی اور اپنا نام بھی غلط بتایا۔ جس کے بعد اس نے اس شخص پر اعتبار کر کے اسے پیسے دے دیئے۔ مگر بینک والوں نے بتایا کہ اس نام کا کوئی بندہ ان کے ملازم کے طور پر کام نہیں کرتا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم نے امریکی شہری کو دھوکا دینے کے لیے خود کو اماراتی شہری ظاہر کیا تھا اور اس حوالے سے جو دستاویزات دکھائیں وہ بھی کسی اور کے نام پر نکلیں۔

عدالت میں ایک شامی باشندہ بھی حاضر ہوا جس نے بتایا کہ ملزم نے اس کے ساتھ بھی فراڈ کیا تھا۔ ملزم نے خود کو بینک کا ملازم ظاہر کر کے اسے بینک کا قرضہ حاصل کرنے کی ترغیب دی اور پھر اس سے پیسے ہتھیا کر غائب ہو گیا۔ فلسطینی ملزم کو اس مقدمے میں 20 اکتوبر 2019ء کو سزا سُنائے جانے کا امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں