دُبئی: اپنی والدہ کی ہم عمر خاتون سے نامناسب گفتگو کرنے والا اماراتی نوجوان گرفتار

خاتون نے ملزم کے گھر میں زبردستی گھُسنے کے باعث اُس کے خلاف مقدمہ درج کرا رکھا تھا، جس کا ملزم کو رنج تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 نومبر 2019 10:39

دُبئی: اپنی والدہ کی ہم عمر خاتون سے نامناسب گفتگو کرنے والا اماراتی نوجوان گرفتار
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 نومبر 2019ء ) دُبئی پولیس نے ایک اماراتی شخص کو ایک شادی شُدہ خاتون کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خاتون نے ملزم کے خلاف کچھ عرصہ پہلے گھر میں زبردستی گھُسنے کے الزام میں مقدمہ درج کرا رکھا تھا، جس کا ملزم کو رنج تھا۔ ملزم نے اسی بات کابدلہ لینے کے لیے خاتون کو اُس کے گھر کو آگ لگا دینے کی دھمکیاں دیں۔

جس پر خاتون نے ملزم کے خلاف بُر دُبئی کے تھانے میں درخواست جمع کرا دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تاہم اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران 50 سالہ اماراتی خاتون نے بتایا کہ اُس نے 22 سالہ اماراتی نوجوان کے خلاف چند روز قبل پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی تھی کیونکہ یہ نوجوان زبردستی اُس کے گھر میں گھُس آیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے اس بات کا بدلہ لینے کی خاطر اُسے فون کیا اورمجھ سے پوچھنے لگا کہ کیا میں نے ہی اُس کے خلاف رپورٹ درج کروائی ہے۔ جب میں نے اس کی بات کا جواب ہاں میں دیا تو اُس نے مجھے انتہائی نامناسب کلمات کہے، حالانکہ میں اُس کی والدہ کی عمر کی ہوں۔ ملزم نے مجھے گالیاں بھی دیں اور پھر دھمکی دی کہ اگر میں نے اُس کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ واپس نہ لیا تو وہ میرے گھر کو آگ لگا کر راکھ کا ڈھیر بنا دے گا۔

اس وقت میرا 23 سالہ بیٹا بھی میرے پاس ہی بیٹھا تھا، جب اُس نے مجھے غصے میں فون پر بات کرتے دیکھا تو ساری بات سمجھ گیا اورمجھ سے فون لے کر بدتمیزی کرنے والے نوجوان کو ڈانٹ دیا۔ مگر ملزم پھر بھی بدتمیزی کرتا رہا۔ عدالت کی جانب سے خاتون کی بات سُننے کے بعد ملزم پر فردِ جُرم عائد کر دی گئی۔ ملزم کے وکیل کی جانب سے دلائل اگلی سماعت میں پیش کیے جائیں گے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں