دُبئی: سیلز گرل جیولری شاپ سے 50 ہزار درہم لے اُڑی

مالک کو ملازمہ کی اس ہوشیاری سے کی گئی واردات کا پتا کئی روز بعد جا کر چلا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 دسمبر 2019 14:22

دُبئی: سیلز گرل جیولری شاپ سے 50 ہزار درہم لے اُڑی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4دسمبر 2019ء) دُبئی میں ایک سیلز گرل اپنے مالک کی جیولری شاپ سے ہزاروں درہم چُرا کر لے گئی، جس کی مالک کو کئی روز بعد خبر ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ واردات انجام دینے والی خاتون کا تعلق سری لنکا سے ہے جس نے بُر دُبئی کے علاقے میں ملازمت کے دوران چوری کی یہ واردات ہوشیاری سے انجام دی۔ جیولری شاپ کے 57 سالہ ایرانی مالک نے بتایا کہ اُسے کئی روز بعد جا کر پتا چلا کہ اُس کی دُکان سے50 ہزار درہم کی مالیت کے زیورات کی فروخت سے کمائی گئی رقم کا کوئی ریکارڈ نہیں مِل رہا۔

مالک کا کہنا تھا کہ میں مہینہ ختم ہونے کے بعد کمائی گئی رقم کا حساب کر رہا تھا تو مجھے اندازہ ہوا کہ دُکان میں موجود زیورات کے حساب سے 50 ہزار درہم کی رقم اور بنتی تھی۔

(جاری ہے)

زیورات کی ماہانہ سیل اور رسیدیں چیک کیں تو پتا چلا کہ تقریباً 50 ہزار درہم کی رقم کم ہے۔ میں زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم وہیں پڑے ایک سیف میں رکھتا ہوں۔ شک پڑنے پر دُکان میں نصب سیکیورٹی کیمروں کی چیکنگ کی گئی تو پتا چلا کہ میری 30 سالہ سری لنکن سیلز گرل نے موقع پا کر سیف میں موجود یہ بھاری رقم نکال کر اپنے کپڑوں میں چھُپا لی اور تھوڑی دیر بعد دُکان سے واپس گھر چلی گئی۔

اُس وقت جیولری شاپ میں اتفاق سے کوئی اور ملازم موجود نہ تھا۔ اس واردات کے تھوڑے دِن بعد سری لنکن ملازمہ ملازمت چھوڑ چکی تھی۔ تاہم اُسے گھر سے بُلوا کر اس کی ویڈیو دکھائی گئی تو اس نے چوری کا اعتراف کر لیا۔ اور اسی وقت 17 ہزار درہم لوٹا دیئے۔ مالک نے ملازمہ کی اس مجرمانہ حرکت پر پولیس کو اطلاع دے دی جس نے اسے گرفتار کر لیا۔ سری لنکن ملازمہ کو ویڈیو ثبوت کی موجودگی کے باعث 9 دسمبر 2019ء کو سزا سُنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں