دُبئی میں سوشل میڈیا پر اسلام کی توہین کرنے پر تین غیر مُلکی گرفتار

تینوں سیکیورٹی گارڈز کے اسلام کی توہین پر مبنی مواد انسٹا گرام اور فیس بُک پر پوسٹ کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 دسمبر 2019 16:33

دُبئی میں سوشل میڈیا پر اسلام کی توہین کرنے پر تین غیر مُلکی گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2019ء ) دُبئی میں تین غیر مُلکی گارڈز کو مذہب اسلام کے بارے میں شر انگیز مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں گارڈز کا تعلق سری لنکا سے ہے۔ ملزمان نے اپنے انسٹا گرام اور فیس بُک اکاؤنٹس پر توہینِ اسلام پر مبنی مواد پوسٹ کیا تھا۔ جس کی رپورٹ کیے جانے پر البرشا پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانے اور امتیازی سلوک کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اس واقعے کی رپورٹ ایک تفریحی مقام کے سینئر پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے کروائی گئی۔ ایک پولیس اہلکار نے خلیجی اخبار کو بتا یا کہ جب وہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے پہنچے تو دیکھا کہ اُنہیں اُن کے ساتھی ملازمین نے قابو کر رکھا تھا تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تینوں سیکیورٹی گارڈز کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے اُن کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس بھی مِلے جنہیں ثبوت کی تلاش کی خاطر تحویل میں لے لیا گیا۔

سینیئر پبلک ریلیشنز آفیسر نے پولیس کوبتایا کہ تینوں سیکیورٹی گاڈز نے چند ماہ قبل اسلام کے خلاف شر انگیز مواد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیا تھا، جسے کئی ساتھی ملازمین نے بھی دیکھا۔ جس کے بعد ان تینوں غیر گارڈز کو کمپنی کی جانب سے اپنے طور پر تفتیش کی خاطر بُلایا گیا۔ تو انہوں نے اعتراف کیا کہ اُنہوں نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ اسلام کی توہین پر مبنی مواد پوسٹ کیا ہے۔

جس کے بعد پولیس کو ان کے بارے میں اطلاع دے دی گئی۔ پولیس نے فارنزک ٹیسٹ کے بعد ملزمان کے اکاؤنٹس سے اسلام کی تضحیک پر مبنی تصاویر اور پیغامات کا ریکارڈ حاصل کر لیا۔ اس تمام مواد کی کاپیاں نکلوا کر اُنہیں ثبوت کے طور پر کیس کی فائل میں لگا دیا گیا ہے۔ عدالت میں ملزمان نے اپنی شرمناک حرکت کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد اُنہیں 22 دسمبر 2019ء کو اگلی سماعت پر سزا سُنائے جانے کا بھرپور امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں