دُبئی میں مقیم پاکستانی لاکھوں روپے کی جعلی کرنسی اسمگل کرنے پر گرفتار

51 سالہ پاکستانی ملزم کو عدالت نے 3 سال قید کی سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 فروری 2020 13:07

دُبئی میں مقیم پاکستانی لاکھوں روپے کی جعلی کرنسی اسمگل کرنے پر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27فروری 2020ء) دُبئی کی مقامی عدالت نے ایک پاکستانی شخص کو متحدہ عرب امارات میں جعلی کرنسی اسمگل کرنے کے جُرم میں تین سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ 51 سالہ پاکستانی ملزم پر 2 لاکھ اماراتی درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم پاکستان سے اپنے ہمراہ 40 لاکھ روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی لایا تھا، جو وہ امارات میں اسمگل کرنا چاہ رہا تھا۔

تاہم دُبئی ایئرپورٹ پر اس کے سامان کی تلاشی کے بعد یہ چھُپائی گئی جعلی کرنسی برآمد ہو گئی جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ایک کسٹم اہلکار نے استغاثہ کو بتایا کہ ملزم گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں پاکستان سے آنے والی فلائٹ سے دُبئی ایئر پورٹ پر اُترا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم دیکھنے میں بہت بھلا مانس لگ رہا تھا اور سامان کی چیکنگ کے دوران اس نے بھرپور طریقے سے تعاون بھی کیا۔

تاہم جس چیز نے اسے مشکوک بنایا وہ اس کے پاس موجود ایک بیگ کی نچلی تہہ کا بہت زیادہ پھولا ہوا ہونا تھا۔جب بیگ کی تفصیلی چیکنگ کی گئی تو اس کی تہہ میں بنے ایک خفیہ خانے سے 39 لاکھ سے زائد کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی جس کی اماراتی کرنسی میں مالیت 94,000 درہم بنتی تھی۔ یہ رقم اتنی مہارت سے چھُپائی گئی تھی کہ بیگ کی تہہ کو کاٹنے کے لیے اوزاروں کا استعمال کرنا پڑا۔

رقم برآمد ہونے کے بعد جب اس کی پڑتال کروائی گئی تو پتا چلا کہ اسمگل کی گئی یہ کرنسی جعلی تھی۔ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔پاکستانی ملزم نے ابتدا میں ان نوٹوں کے جعلی ہونے سے انکار کیا تاہم بعد میں اس نے اعتراف کر لیا۔ عدالت میں ملزم کو 3 سال قید کے علاوہ ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا بھی سُنائی ہے۔ جبکہ اس پر 2 لاکھ درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ ملزم کو فیصلے کے خلاف 15 روز کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں