امارات جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کا انتظار ختم ہو گیا

اماراتی حکومت نے آج سے ویزہ سروس دوبارہ شروع کر نے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 ستمبر 2020 10:58

امارات جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کا انتظار ختم ہو گیا
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات نے گزشتہ کئی ماہ سے کورونا کی وبا کے باعث نئے ویزوں کے اجراء پر پابندی لگا رکھی تھی۔ جس کی وجہ سے وہ ہزاروں پاکستانی جو بہتر مستقبل کی تلاش میں امارات جانا چاہتے تھے، ان کی خواہشات پر پانی پھر گیا تھا۔ تاہم اب ان کے لیے خوش ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ اماراتی حکومت نے آج سے ویزہ سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کا کہنا ہے کہ آج 24 ستمبر 2020ء سے نئے ویزوں کا اجراء کا سلسلہ بحال کر دیا گیا ہے۔ البتہ ورک پرمٹس کے منتظر افراد کو فی الحال انتظار کرنے کا کہا گیا ہے کیونکہ ابھی صرف نئے انٹری پرمٹس کا اجراء ہو گا، ورک پرمٹس فی الحال جاری نہیں کیے جا رہے۔

(جاری ہے)

اُمید ہے کہ یہ سروس بھی عنقریب بحال ہو جائے گی۔

ICA نے اماراتی ریاست میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد مارچ 2020ء میں ویزہ سروس معطل کر دی تھی، جو آج سے دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز ویزوں کا اجراء جاری رہا۔ اماراتی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویزہ سروس دوبارہ شروع کرنے کا مقصدامارات میں کورونا کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کو درجہ بدرجہ ختم کرنا اورمعاشی صورت حال کو دوبارہ بہتری کی طرف گامزن کرنے کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے۔ ICA کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے ویزوں کے اجراء کے بعد بھی فضائی کمپنیوں کو کورونا سے متعلق پروٹوکولز کی مکمل پابندی کرنا ہوگی۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں