متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کئی ماہ کے بعد کورونا کے 2ہزار سے زائدیومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 مئی 2021 11:55

متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی2021ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے حکومتی اداروں کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک وقت ایسا بھی آ گیا تھا جب یومیہ کیسز 4 ہزار کے ہندسے کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم اماراتی حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر کاروباری شعبوں پر کئی اہم پابندیاں عائد کی گئی تھیں جن کے نتیجے میں کیسز کی یومیہ گنتی دو ہزار کے ہندسے سے نیچے آ گئی تھی۔

تاہم اب ایک بار پھر امارات میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق کئی ہفتوں کے بعد امارات میں کورونا کے دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اماراتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2,167 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی گنتی 5,63215 تک جا پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تین افراد موت کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس موذی بیماری سے ہونے والی کُل ہلاکتیں 1,664 ہو چکی ہیں۔

گزشتہ روز کورونا کے 2,137 مریض شفا یاب ہو گئے۔ اب تک مجموعی صحت یابیاں5,43023 ہو گئی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پی سی آر کے 2,25957 ٹیسٹ کیے گئے۔ جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1,16422 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی ہے۔ امارات میں اب تک ایک کروڑ 25 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ دوسری جانب امارات کی نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات میں تقریبات سے متعلق اہم شرط کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق NCEMA نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سے تقریبات میں صرف وہی لوگ شرکت کر سکیں جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو گی یا پھر کلینیکل ویکسین کے ٹرائلز میں شمولیت اختیار کی ہو گی۔ حکام کے مطابق مملکت میں تمام ثقافتی، سماجی، کھیلوں کی اور فنون لطیفہ کی تقریبات پر اس نئی شرط کا اطلاق ہوگا۔ ان تقریبات میں شرکت کے موقع پر پی سی آ رٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ دکھانی بھی لازمی ہو گی جسے جاری ہوئے 48 گھنٹوں سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔

NCEMA کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کا الحوسن ایپ پر E کا حرف یا گولڈ سٹار ظاہر ہونا چاہیے جس سے ان کے ویکسین لگوانے کا پتا چلتا ہے۔ تقریبات سے متعلق ان نئی شرائط کا اطلاق6 جون سے ہوگا۔اتھارٹی کے مطابق یو اے ای کی 78 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگا دی گئی ہے۔ جبکہ 60 سال سے زائد زائد عمر کے افراد اور کمزور مدافعت والوں کی 84.59 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں