امارات کی مارکیٹس میں جعلی اشیاء کی فروخت روکنے کے لیے کریک ڈاؤن شروع ہو گیا

اماراتی حکام نے سال 2020ء کے دوران مختلف کارروائیوں میں 9 لاکھ سے زائد جعلی اشیاء ضبط کر لیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 08:04

امارات کی مارکیٹس میں جعلی اشیاء کی فروخت روکنے کے لیے کریک ڈاؤن شروع ہو گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) متحدہ عرب امارات دُنیا کا ایک اہم کاروباری اور سیاحتی مقام ہے۔ یہاں لاکھوں ایشیائی روزگار کے لیے مقیم ہیں، جن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کم قیمت میں معیاری اشیاء اور سامان خرید سکیں تاہم ان کی یہ خواہش اکثر انہیں جعلی اشیاء دلوا دیتی ہے، جس کی انہیں خبر بہت دیر سے ہوتی ہے۔ امارات کی مارکیٹس میں کچھ عرصہ سے جعلی اشیاء کی بھرمار ہوتی جا رہی تھی، جس کے تدارک کے لیے حکام نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کسٹمز نے سال 2020ء کے دوران میں 923724 جعلی اشیاء ضبط کی ہیں۔یواے ای کے کسٹمزکمشنراور فیڈرل کسٹمز اتھارٹی (ایف سی اے)کے چیئرمین علی النیادی کا کہنا ہے کہ جعلی اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام اور حقوقِ دانش کا تحفظ ان کے محکمے کے اوّلین فرائض میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف سی اے اور کسٹمز کے مقامی محکمے معاشرے ،صارفین ، ٹریڈمارک کے حاملین اورنجی شعبے کواقتصادی ، تجارتی اور سماجی نقصان سے بچانے کے لیے جعلی اشیاء کو ضبط کررہے ہیں اوران جعلی اشیاء کو معاشرے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

ان ضبط شدہ جعلی اشیاء میں 70.73 فی صد سمندر کے راستے یواے ای میں لائی گئی تھیں،19.51فی صد فضائی ٹرانسپورٹ اور4.88 فی صد زمینی راستے سے لائی گئی تھیں۔
علی النیادی نے کسٹمزکے مقامی محکموں کی 2020ء میں جعلی اشیاء کی ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوششوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ دبئی کسٹمز کے اقدامات کے نتیجے میں یو اے ای کا نام امریکا کی حقوق دانش واچ لسٹ سے حذف کرانے میں مددملی ہے۔

دبئی کسٹمز نے جعلی مصنوعات کی یو اے ای میں درآمدات کو روکنے کے لیے مربوط کاوشیں کی ہیں۔اس کی وجہ سے امریکا کے دفتر برائے ٹریڈ ریپریزینٹیٹو کی خصوصی رپورٹ 2021ء میں یو اے ای کا درجہ بڑھا دیا گیا ہے۔جون کے اوائل میں یو اے ای میں شامل امارت عجمان نے بین الاقوامی برانڈز کی ایک لاکھ 20ہزارجعلی اشیاء ضبط کرنے کی اطلاع دی تھی۔ان کی کل مالیت 81 لاکھ 68 ہزر ڈالر بنتی تھی۔ان ضبط شدہ اشیاء میں جعلی ڈیزائنروں کی گھڑیاں، دستی بیگ ،دھوپ سے بچانے والے چشمے ، کپڑے اورعام استعمال کا دوسرا سامان شامل تھا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں