یو اے ای کو کورونا مریضوں کی جان بچانے میں بہت بڑی کامیابی مل گئی

امریکی دوا سوتر ویماب کے استعمال سے 97 فیصد کورونا مریض صحت یاب ہو گئے، اموات کا خطرہ ٹلنے لگا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 جولائی 2021 09:52

یو اے ای کو کورونا مریضوں کی جان بچانے میں بہت بڑی کامیابی مل گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ماہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے امریکی دوا سوتر ویماب کے استعمال کی منظوری دی گئی تھی۔ اس دوا کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے کورونا کے باعث شرح اموات میں 85 فیصد تک کمی ہو جاتی ہے اور مریض کی حالت تشویشناک نہیں ہو پاتی ہے۔ یہ دوا گلیکسو سمتھ کلین اور ویر بائیو ٹیکنالوجی کے تعاون سے تیار کی گئی تھی۔

امارات وہ پہلا ملک تھا جہاں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے سوتر ویماب کا استعمال شروع کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے بڑی خوش خبری سنا دی گئی ہے۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سوتر ویماب کی کورونا مریضوں پر کلینیکل ٹرائل کے انتہائی شاندار نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس دوا کے استعمال سے کورونا سے متاثرہ 97 فیصد مریض 14 روز میں صحت یاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

سوتر ویماب کے کلینیکل ٹرائلز کے لیے جن مریضوں کو منتخب کیا گیا ان میں سے 50 فیصد کی عمریں 50 سال یا اس سے زائد تھیں۔ بیشتر مریض شوگر، کینسر، موٹاپے اور امراض قلب جیسے روگوں کا شکار تھے۔ ابوظبی میں کورونا کے شدید خطرے سے دوچار مریضوں کے علاوہ 6,175 مریضوں کو بھی یہ دوا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں اور حاملہ خواتین پر بھی یہ دوا آزمائی گئی۔

جس کے شاندار رزلٹس سامنے آئے ہیں۔ اس دوا کو استعمال کرنے والے 97فیصد مریضوں کی حالت بگڑنے سے بچائی گئی جس کے نتیجے میں وہ دو ہفتوں کے اندر اندر صحت یاب ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس طریقہ علاج کا تصور بین الاقوامی ہیلتھ کیئر کمپنی گلیکسو اسمتھ کہین نے پیش کیا تھا، جس کی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے منظوری بھی دی۔اس علاج کو سوترویمیمب نام دیا گیا ہے، جس کے تحت کرونا سے متاثرہ شخص کو جلد علاج کی سہولت فراہم کر کے چوبیس گھنٹے کے اندر اسپتال سے گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

اس علاج کے تحت انسانی خون میں موجود سفید خلیوں کی مدد سے نئی اینٹی باڈیز تیار ہوں گی جبکہ مدافعتی نظام مضبوط بھی ہوگا۔کلینیکل ٹرائلز میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ علاج کرونا کی نئی اقسام کے خلاف بھی موثر ہے، جس میں مریض کی مونو تھراپی کی جاتی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں