یورپ جانےکیلئے یواےای کا انٹری ویزہ‘ بینک اسٹیٹمنٹ‘ جعلی دستاویزات بنانے پر4 ایشیائی باشندوں کو سزا

دبئی کی فوجداری عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے جس کے بعد مجرموں کو ملک بدر کردیا جائے گا۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اکتوبر 2021 15:39

یورپ جانےکیلئے یواےای کا انٹری ویزہ‘ بینک اسٹیٹمنٹ‘ جعلی دستاویزات بنانے پر4 ایشیائی باشندوں کو سزا
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2021ء ) یورپ کا ویزہ لینے کے لیے متحدہ عرب امارات کا انٹری ویزہ استعمال کرنے ‘ بینک اسٹیٹمنٹ اور جعلی دستاویزات بنانے والے 4 ایشیائی باشندوں کو سزا سنادی گئی ، دبئی کی فوجداری عدالت نے 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے جس کے بعد مجرموں کو ملک بدر کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور پبلک پراسیکیوشن کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ایک یورپی ملک کے سفارت خانے میں ایک ملازم کو دستاویزات پر شک ہوا تو انہوں نے متعلقہ حکام کو واقعہ کی رپورٹ پیش کی ، جس کے بعد پاسپورٹ رکھنے والوں کے کفیل کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تو مذکورہ کفیل نے بتایا کہ ان میں سے پہلا مجرم ان کی کمپنی کا منیجر تھا لیکن انہوں نے دیگر تین مجرموں کو جاننے سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

اس کیس کے حوالے سے دبئی پولیس کے افسر نے بتایا کہ مجرموں میں سے ایک نے اعتراف کیا کہ پہلے مجرم نے اس سے وعدہ کیا تھا اور دوسرے مجرم نے 24 ہزار 443 درہم کے بدلے یورپی ویزے کا وعدہ کیا تھا ، اس نے آدھی رقم اس وقت دی تھی جب وہ اپنے ملک میں تھا اور بقیہ رقم متحدہ عرب امارات کا ویزا حاصل کرنے کے بعد ادا کی تھی ، جس کا مقصد یہاں سے کسی یورپی ملک کا انٹری ویزہ حاصل کرنا تھا۔

پولیس افسر کے مطابق گرفتاری کے بعد تفتیش کے دوران ایک اور مجرم نے بتایا کہ کام کے ویزے پر دبئی پہنچنے پر پہلے مجرم نے اس سے وعدہ کیا کہ وہ غیر متعین رقم کے عوض یورپی ویزا حاصل کرنے میں اس کی مدد کرے گا ، اس نے اسے اور دوسرے مجرم کو ویزے کے حصول کے لیے ضروری طریقہ کار مکمل کرنے تک رہنے کی جگہ دی تاہم پولیس نے اس کیس کے تمام مجرموں کو گرفتار کر لیا جنہیں اب فوجداری عدالت نے سزا بھی سنادی ، دبئی کی فوجداری عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے تحت ملزمان کو دبئی میں 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی جس کے بعد انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں