امارات کے رہائشی لگژری ٹرین میں سفر کی تیاری کریں

اتحاد ریل کمپنی ابوظہبی، دبئی، فجیرہ اور عمان کو ملانے والی لگژری ٹرین چلائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 مئی 2023 11:41

امارات کے رہائشی لگژری ٹرین میں سفر کی تیاری کریں
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی اتحاد ریل کمپنی ابوظہبی، دبئی، فجیرہ اور عمان کو ملانے والی لگژری ٹرین چلائے گی، مسافروں کو خوبصورت سفر کے ذریعے اماراتی ثقافت اور ورثے کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر اتحاد ریل نے اطالوی لگژری ہاسپیٹلٹی کمپنی آرسنیل کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ ایک لگژری ٹرین سروس شروع کی جائے، جو پورے متحدہ عرب امارات میں عمان کے ساتھ سرحد کی طرف سفر کرے گی، میزیرا سے ہوتی ہوئی صحرائے لیوا اور اس کے مشہور نخلستان کے ساتھ ساتھ جائے گی، سعودی عرب میں دی ڈریم آف دی ڈیزرٹ پروجیکٹ کے حالیہ اعلان کے بعد یہ آرسنیل کا دوسرا بین الاقوامی لگژری ٹرین پروجیکٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی میں حال ہی میں ختم ہونے والی دو روزہ مڈل ایسٹ ریل نمائش اور کانفرنس کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں اٹلی کے سفیر لورینزو فانارا کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے، جہاں اتحاد ریل نے کل سات معاہدوں پر دستخط کیے، جن کے ذریعے اس کی مال بردار اور مسافر خدمات کی ترقی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اتحاد ریل کے سی ای او شادی ملک نے کہا کہ آرسینیل کے ساتھ ہمارا تعاون قومی ریل نیٹ ورک کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں اقتصادی و سماجی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد ریل کے عزم کا ثبوت ہے، لگژری ٹرین سروس کے ذریعے ہم خطے کے لیے ایک منفرد عالمی معیار کی پیشکش متعارف کروا رہے ہیں اور متحدہ عرب امارات میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، اس سے ہم سیاحوں کو ملک کے متنوع ورثے اور خوبصورتی کو دکھانے کے قابل ہو جائیں گے۔

ایک پریس بیان میں آرسنیل نے کہا کہ متحدہ عرب امارات دنیا کے پہلے ممالک میں شامل ہوگا جس کے پاس مکمل طور پر حسبِ ضرورت ٹرین کے ساتھ لگژری کروز سروس ہوگی، یہ ٹرین 15 لگژری بوگیوں پر مشتمل ہوگی جو ابوظہبی اور دبئی کے کاسموپولیٹن شہروں سے ہوتی ہوئی فجیرہ کی قدرتی منزلوں تک جائے گی، جس مسافروں کو میں عمان کی سرحد پر اس کے پہاڑوں کے ساتھ میزیرا ٹرین اسٹیشن کے قریب اس کے عالمی شہرت یافتہ نخلستان اور صحرائے لیوا کو دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں