شیخ محمد بن راشد کی دبئی کے معروف شاپنگ مال آمد

لوگوں میں گھل مل گئے‘ شہریوں نے دبئی کے حکمران کے ساتھ سیلفیاں بنائیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 جون 2023 13:37

شیخ محمد بن راشد کی دبئی کے معروف شاپنگ مال آمد
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جون 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم دبئی کے معروف شاپنگ مال آمد کے موقع پر لوگوں میں گھل مل گئے، جہاں شہریوں نے دبئی کے حکمران کے ساتھ سیلفیاں بنائیں، اس موقع پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں حاکمِ دبئی ایک چھوٹی بچی سے ہاتھ ہلاتے، مسکراتے اور بات کرتے بھی نظر آئے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو اکثر پبلک مقامات پر عوام کے درمیان دیکھا جاتا ہے بالکل اسی طرح اب بھی انہیں امارات کے دبئی ہلز مال میں دیکھا گیا، اس حوالے سے وائرل ایک ویڈیو میں امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم کو مشہور فرانسیسی کیفے Ladurée میں چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں موجود رہائشیوں کو شیخ محمد بن راشد کو اپنے درمیان دیکھ کر خواشگوار حیرت ہوئی۔

(جاری ہے)

انسٹا گرام پر متحدہ عرب امارات کی ایک خاتون نے شیخ محمد کی ایک ویڈیو شیئر کی اور محبوب رہنما کو قریب سے دیکھنے کے بعد خود کو اس دن سب سے خوش قسمت لڑکی قرار دیا، کلپ میں دبئی کے حکمران کو ہاتھ لہراتے، مسکراتے ہوئے اور ایک پرجوش چھوٹی بچی سے بات کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
چند روز قبل دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی اپنے ننھے پوتے محمد کے ساتھ نئی تصاویر نے بھی سب کی توجہ حاصل کی، دبئی کے شاہی خاندان میں تازہ ترین اضافہ ننھا محمد اس وقت سرخیوں میں رہا جب اس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہر کسی کو اپنی جانب راغب کیا، متحدہ عرب امارات کے ایک شاہی خاندان کے ایک فرد نے ایک ساتھ کئی تصاویر شیئر کیں، جس میں دونوں سفید لباس میں ملبوس تھے، یہ پہلا موقع ہے کہ تصاویر میں ننھے شاہی مہمان محمد کا چہرہ واضح طور پر دیکھا گیا۔

ان تصاویر میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو اس سال کے شروع میں ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان کے ہاں پیدا ہونے والے اپنے پوتے کو پیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، پہلی تصویر میں ملک کے نائب صدر بچے کو پکڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور اسے پیار سے دیکھ رہے ہیں۔

ایسی ہی دوسری تصویر میں ننھے محمد کو ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب شیخ محمد فریم کے باہر کسی کو دیکھ رہے ہیں، دبئی کے حکمران مسکرا رہے ہیں، جب انہوں نے اپنے چھوٹے پوتے کو ہاتھ میں پکڑ رکھا ہے جب کہ آخری تصویر میں وہ بچے کو اوپر اٹھاتے ہوئے اور اس کے گال کو چومتے ہوئے، خاندان میں خوشی کا باعث بننے والے نئے فرد کے لیے اپنی محبت اور پیار کا اظہار کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں