دبئی ایئرپورٹ پر ایک سال میں امیگریشن کلیئرنس کا نیا ریکارڈ قائم

2023 میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد مسافروں نے منٹوں میں امیگریشن کلیئر کرلی

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 16:33

دبئی ایئرپورٹ پر ایک سال میں امیگریشن کلیئرنس کا نیا ریکارڈ قائم
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) دبئی ایئرپورٹ پر ایک سال میں امیگریشن کلیئرنس کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا جہاں 2023 میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد مسافروں نے منٹوں میں امیگریشن کلیئر کرلی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) نے بتایا ہے کہ سال 2023ء کے دوران دبئی کے ہوائی اڈوں پر 2 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے منٹوں میں امیگریشن کا عمل مکمل کیا، یہ مسافر دبئی انٹرنیشنل (DXB) اور المکتوم انٹرنیشنل (DWC) کے 127 سمارٹ گیٹس سے بغیر امیگریشن حکام کی مدد کے گزرے، جن کی تعداد 2022ء میں تقریباً 1 کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار مسافروں کے مقابلے میں 55 فیصد زائد ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں بتایا گیا تھا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 کے 5 سمارٹ گیٹس کو بڑھا دیا گیا ہے، جس میں چہرے کی شناخت کی خصوصیت شامل کی گئی ہے جہاں مسافر اپنی دستاویزات دکھانے کی ضرورت کے بغیر سیکنڈوں میں امیگریشن کا عمل مکمل کرلیتے ہیں، ایمریٹس ایئرلائن کے مسافر کنکورس بی ٹرمینل 3 میں چیک اِن کرتے ہوئے امیگریشن کلیئر کر سکتے ہیں اور چہرے کی شناخت کے ذریعے منتخب گیٹس کے ذریعے اپنی پروازوں میں سوار ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ دبئی کے ہوائی اڈے کے ٹرمینلز کے دیگر سمارٹ گیٹس بھی کنٹیکٹ لیس ہیں لیکن ان کے لیے پاسپورٹ یا ایمریٹس آئی ڈی کی اسکیننگ کی ضرورت ہوتی ہے، متحدہ عرب امارات و خلیجی شہری، رہائشی اور سیاح آن ارائیول ویزا حاصل کرنے کے اہل ہیں، اگر وہ رجسٹرڈ ہیں تو سمارٹ گیٹس استعمال کر سکتے ہیں، یہ گیٹس ہوائی اڈوں پر مسافروں کے گزارے جانے والے وقت کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

ہوائی اڈے کے پاسپورٹ امور کے شعبے کے اسسٹنٹ جنرل ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل طلال الشانقیتی نے کہا کہ ای گیٹس کو پہلی بار دبئی میں 2002ء میں متعارف کرایا گیا تھا، انہیں 2017ء میں سمارٹ گیٹس میں اپ گریڈ کیا گیا، کوویڈ 19 وبائی امراض کے دوران حکام نے اس طریقہ کار کو رابطے کے بغیر بنا دیا تھا اور پچھلے سال ان میں سے کچھ میں چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی بھی شامل کردی گئی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں