’فی میل برج خلیفہ‘ دبئی میں نئے منفرد شاپنگ مال کی تعمیر کا اعلان

یہ اپنی نوعیت کا پہلا ٹاور ہوگا جہاں آنے والے اپنی کاروں میں سوار رہتے ہوئے عمارت میں گھوم پھر سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 فروری 2024 13:58

’فی میل برج خلیفہ‘ دبئی میں نئے منفرد شاپنگ مال کی تعمیر کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 فروری 2024ء ) دبئی میں نئے منفرد شاپنگ مال کی تعمیر کا اعلان کردیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اعمار اور نون گروپ کے بانی محمد الابار نے شہر میں نئے ’کریک ٹاور‘ منصوبے کا انکشاف کرتے ہوئے اسے 'فی میل برج خلیفہ' کا نام دیا ہے، شارجہ انٹرپرینیورشپ فیسٹیول (SEF) 2024ء میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نیا تعمیر ہونے والا مال دبئی کریک ہاربر میں واقع ہوگا، جس کے لیے ہم کچھ دلچسپ کوشش کر رہے ہیں اور اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا جہاں آنے والے اپنی کاروں میں سوار رہتے ہوئے عمارت میں داخل ہوکر وہاں گھوم پھر سکیں گے جو یقیناً ایک بہت ہی منفرد تجربہ ہوگا۔

اعمار اور نون گروپ کے بانی نے کہا کہ یہ ایک نہایت خوبصورت ٹاور ہوگا اگرچہ برج خلیفہ سے چھوٹا ہوگا لیکن خوبصورتی میں یہ آپ کو مارلن منرو کی یاد دلائے گا، ہم نے ابھی اس ٹاور کی منظوری دی ہے اور اب ہم تعمیر شروع کر رہے ہیں، اس ٹاور کے ڈیزائن کی پہلی جھلک اگلے ایک دو ماہ میں سامنے آجائے گی، کمپنی کریک ٹاور کو ' فی میل برج خلیفہ' سمجھتی ہے جب کہ دبئی کریک ہاربر پراجیکٹ مجموعی طور پر 6 ملین مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہوگا اور توقع ہے کہ یہ ایک نیا شہر بن جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اعمار کے پبلک لسٹڈ کمپنی بننے کے بعد سے میری زندگی میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے کیوں کہ اگر آپ کے پاس کوئی لسٹڈ کمپنی ہے تو آپ ہر 90 دن میں لوگوں کو بتاتے ہیں کہ آپ نے کیا کیا ہے؟ یہ ایک بڑا چیلنج ہے، ان دنوں اگر میں کسی شہر میں جاتا ہوں اور اس کے بارے میں خبریں آتی ہیں تو سٹاک مارکیٹ سے ایک خط آتا ہے جس میں مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ میں وہاں کیا کر رہا ہوں؟ میں کیا سرمایہ کاری کروں گا؟ اور اس کی فزیبلٹی کیسی ہے؟۔

محمد الابار نے کہا کہ میں اس چیلنج سے لطف اندوز ہوتا ہوں کیوں کہ اس سے مجھے نظم و ضبط ملا ہے، اس میں بہت سارے عوامل کارفرما ہیں کیوں کہ آپ عوامی پیسے کے ساتھ کام کر رہے ہیں، یہ واقعی آپ کو زبردست نظم و ضبط سکھاتا ہے، میرے خیال میں یہ آپ کو ایک بہتر انسان بناتا ہے کیوں کہ اس میں ہر چیز کی منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں