اشیائے خوردونوش کی پاکستان سے یو اے ای برآمدات میں 40 فیصد اضافہ

چاول اور گوشت کی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ ہوا، پاکستانی ڈیری مصنوعات کو بھی متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں منافع بخش مارکیٹ ملی ہے۔ یو اے ای میں پاکستانی سفیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 فروری 2024 14:21

اشیائے خوردونوش کی پاکستان سے یو اے ای برآمدات میں 40 فیصد اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2024ء ) پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے اشیائے خوردونوش کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوگیا۔ عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے اعلیٰ سفارت کار نے پیر کو اپنے ملک سے خلیجی ریاست کو کھانے پینے کی اشیاء کی برآمدات میں 40 فیصد اضافے کا ذکر کیا، انہوں نے یہ بات دبئی میں پانچ روزہ "گلفوڈ" نمائش کے لیے پاکستان پویلین کے افتتاح کے موقع پر بتائی، یہ تقریب دنیا کی سب سے بڑی سالانہ خوراک اور مشروبات کی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے جس میں دنیا بھر کے صنعت کاروں کو اکٹھا کیا جاتا ہے جو کاروباری مواقع تلاش کرتے ہوئے اپنی مصنوعات اور نیٹ ورکس کو نمایاں کرتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایونٹ میں عام طور پر کھانے اور مشروبات کی صنعت کے مختلف شعبوں کے نمائش کنندگان شریک ہوتے ہیں، جن میں مینوفیکچررز، پروڈیوسرز، ڈسٹری بیوٹرز اور سپلائرز بھی شامل ہیں، "گلفوڈ" ایونٹ دنیا بھر سے ہزاروں وزیٹرز اور نمائش کنندگان کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں اپنے ملک کے پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے اسے پاکستانی شرکاء کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری سے وابستہ 100 کے قریب پاکستانی ادارے اس سال "گلفوڈ" میں حصہ لے رہے ہیں، یہ انتہائی حوصلہ افزاء بات ہے کہ خطے میں پاکستانی خوراک سے متعلق اشیاء کی برآمدات میں صرف ایک سال کے عرصے میں 40 فیصد اضافہ ہوا، خاص طور پر چاول اور گوشت کی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ دیکھا گیا، اس کے علاوہ پاکستانی ڈیری مصنوعات کو بھی متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں منافع بخش مارکیٹ ملی ہے اور پاکستان دنیا کے سب سے بڑے دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں