ایبٹ آباد کی 52 یونین کونسلوں، تین میونسپل کمیٹیوں اور 6 وارڈز میں مجموعی طور پر 750 پولنگ سٹیشن قائم

مجموعی طور پر 2932 سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ضلع کو 4 سیکٹرز کینٹ، میرپور، حویلیاں اور گلیات میں تقسیم ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کا عام انتخابات کے حوالہ سے اہم اجلاس سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 12:28

ایبٹ آباد کی 52 یونین کونسلوں، تین میونسپل کمیٹیوں اور 6 وارڈز میں مجموعی طور پر 750 پولنگ سٹیشن قائم
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد کی 52 یونین کونسلوں، تین میونسپل کمیٹیوں، 6 وارڈز میں مجموعی طور پر 750 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 160 انتہائی حساس، 50 حساس اور 540 پولنگ سٹیشن نارمل نوعیت کے قرار دیئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں الیکشن کے دوران مجموعی طور پر 2932 سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن میں 1662 پولیس اہلکار، 639 دیگر محکمہ جات اور 631 لیڈی کانسٹیبلان/ایل ایچ ویز اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

وہ عام انتخابات کے حوالہ سے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد، ایس پی شعبہ تفتیش ایبٹ آباد، ایس پی ٹریفک ہزارہ ریجن، ایس ڈی پی او ز، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی ایف آر پی، ڈی ایس پی ویمن، ایس ایچ اوز ضلع ایبٹ آباد، آر آئی پولیس لائن، انچارج بم ڈسپوزل یونٹ، انچارج کینن یونٹ، انچارج ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ اور دیگر تمام شعبہ جات کے انچارج نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن 2018ء کے سلسلہ میں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا اور پرامن انتخابات، انتخابی سازوسامان کی بحفاظت ترسیل، پولنگ سٹیشنوں، پولنگ سٹاف اور پولنگ کے سامان کی حفاظت، پولنگ کے دوران اور بعد میں الیکشن حکام کے ساتھ پرامن ماحول کا قیام، سیکورٹی پلان، ٹریفک پلان اور دیگر تمام متعلقہ امور پر تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو ڈیوٹی سے متعلق مناسب ہدایات جاری کیں۔

میٹنگ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ ضلع ایبٹ آباد میں عبدالعزیز خان آفریدی ایس پی شعبہ تفتیش ایبٹ آباد اور سونیا شمعروز ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد تمام سکیورٹی امور کے ذمہ دار ہوں گے، ضلع کو مزید 4 سیکٹرز کینٹ، میرپور، حویلیاں اور گلیات میں تقسیم کیا گیا ہے، ضلع کے 12 تھانہ جات کو بطور سب سیکٹر تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ایبٹ آباد کی 52 یونین کونسلوں، تین میونسپل کمیٹیوں جبکہ 6 وارڈز میں مجموعی طور پر 750 پولنگ سٹیشن ہیں جن میں سے 160 انتہائی حساس جبکہ 50 حساس اور 540 پولنگ سٹیشن نارمل نوعیت کے قرار دیئے گئے ہیں۔

ضلع بھر میں الیکشن کے دوران کل 2932 سیکورٹی اہلکاران ڈیوٹی میں حصہ لیں گے جن میں 1662 پولیس اہلکاران، 639 دیگر محکمہ جات اور 631 لیڈی کانسٹیبلان/ایل ایچ ویز اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر الیکشن کے پرامن انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پولنگ سٹیشنوں پر پولیس فورس، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ہر سب سیکٹر کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے دو کوئیک ریسپانس فورس موبائلز بمعہ نفری مہیا کی جائیں گی۔

ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ ملک اعجاز بطور ایس پی ٹریفک اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور وہ کے کے ایچ، مری روڈ اور تمام ملحقہ لنک روڈز پر ٹریفک کی روانی کی نگرانی کریں گے اور ٹریفک کی بہتر روانی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں