وزیر اعظم عمران خان تعلیم کیلئے ایک جامع ویژن رکھتے ہیں،نصاب تبدیلی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، عظمیٰ ریاض جدون

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) رکن قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض جدون نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کو ترجیحات میں رکھا ہے ،شعبہ کی ترقی کیلئے طلبہ و طالبات ، اساتذہ اور نصاب میں بڑی تبدیلی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،اقوام میں نمایاں مقام بنانے کیلئے تعلیم کو بنیادی ضرورت قرار دینا ہو گا۔وہ گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسو ہائیر سیکنڈری سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کررہی تھیں۔

ڈی ای او طاہرہ جبین ،پرنسپل شہناز بیگم کے علاوہ تعلیمی اور سماجی شخصیات شریک تھیں ۔قبل ازیں 35 طالبات میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر نقد اور توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ میٹرک اور ایف ای/ ایف ایس سی امتحانات میں پوزیشن ہولڈر ، ہم نصابی سرگرمیوں میں اچھے کھیل اور مکمل حاضری رکھنے والے طالبات اور اساتذہ کو سو فیصد نتیجہ دینے پر پروقار منعقد تقریب حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ طاہرہ جبین کی صدارت میں منعقدہ سالانہ تقریب میں طالبات نے ڈیم فنڈ کیلئے اپنی پاکٹ منی سے 15 ہزار جمع کیے ۔ایم این اے عظمی ریاض جدون کا کہنا تھا اسلام نے 14 سو سال قبل علم کے حصول پر اصرار کیا مسلمانوں کے ہر عہد میں اس جانب بھرپور توجہ بھی دی جاتی رہی ہے، عہد حاضر میں سرسید احمد خان کی تعلیمی روایات تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ سالوں میں خیبر پختونخوا میں تعلیم کی ترقی کیلئے عملی اور مثالی اقدامات اٹھائے وزیر اعظم عمران خان تعلیم کیلئے ایک جامع ویژن رکھتے ہیں ۔ عظمی ریاض جدون نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے طالبات کو بہتر معیاری تعلیم کی فراہمی سے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔ پرنسپل شہناز بیگم نے تقریب میں شرکاء کو سکول کی سالانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں