حویلیاں پولیس کو تہرے قتل کیس میں مطلوب دو افراد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار، خصوصی ٹیم گرفتاری کیلئے کراچی روانہ

جمعہ 16 نومبر 2018 12:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) حویلیاں پولیس کو تہرے قتل کیس میں مطلوب دو افراد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لئے گئے۔ ڈی پی او ایبٹ آباد پولیس ایف آئی اے اور امیگریشن حکام سے متواتر رابطہ میں تھے، گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم کراچی روانہ کر دی گئی۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 2 نومبر 2018ء کو حویلیاں کی حدود جوڑے میرا میں ملزمان واجد ولد ارشاد اور اسامہ ولد الیاس نے ابراہیم ولد عبدالستار، ضمیر ولد اشرف اور حسین ولد عبدالستار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے عدالت خان ولد اکرم خان کی مدعیت میں مقدمہ علت 1034 مورخہ 2 نومبر 2018ء جرم پی پی سی 34/324/302 اور اے اے کے پی کے 15/ درج کر کے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا عمل شروع کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی حویلیاں اور ایس ایچ او حویلیاں ہادی پرستان کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے متعدد جگہوں پر چھاپہ زنیوں کے دوران مجرمان کا تعاقب جاری رکھا۔

اس دوران ٹیم کو ملزمان کی بیرون ملک فرار ہونے کی اطلاع پر ضلعی پولیس سربراہ نے ایف آئی اے، امیگریشن اور دیگر سیکورٹی اداروں سے رابطہ کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے دو ملزمان واجد اور اسامہ ساکنان جوڑے میرا کو گرفتار کر لیا جس پر ضلعی پولیس سربراہ کی طرف سے قائم شدہ خصوصی ٹیم ملزمان کو اپنی حراست میں لینے کراچی روانہ کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر عوامی حلقوں کی جانب سے تہرے قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری پر ڈی پی او ایبٹ آباد اور خصوصی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ ڈی پی او ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے خصوصی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اسی طرح جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کی ہدایت کی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں