پی ٹی آئی ممبران کا ضلع ناظم ایبٹ آباد کیلئے کرنل (ر) سردار شبیر اور نائب ناظم کیلئے کامران ایڈووکیٹ کے نام پر اتفاق

ہفتہ 19 جنوری 2019 14:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف ایبٹ آباد کے ممبران ضلع کونسل نے قائدین کے فیصلہ پر لبیک کرتے ہوئے ضلع ناظم کیلئے کرنل (ر) سردار شبیر اور نائب ناظم کیلئے کامران ایڈووکیٹ کے نام پر اتفاق کر لیا۔ اس حوالہ سے پارلیمانی بورڈ اور ممبران ضلع کونسل کا جدون ہائوس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں باہمی مشاورت اور اختلاف ختم کر کے ضلع کے اہم فیصلہ پر متفق ہو گئے۔

پارلیمانی بورڈ میں شامل رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، علی اصغر خان، پی ٹی آئی ضلعی صدر نقیب الله خان، صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی، رکن قومی اسمبلی عظمی ریاض جدون، رکن صوبائی اسمبلی نذیر عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارلیمانی بورڈ نے اتفاق رائے حاصل کر کے یونین کونسل نگری بالا کے ممبر ضلع کونسل کرنل (ر) سردار شبیر کو ناظم اعلیٰ اور یونین کونسل جھنگی سے کامران ایڈووکیٹ کو نائب ناظم کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

ضلع کی منتخب قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تعمیر و ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں گے اور پارٹی کے منشور کے مطابق تبدیلی کے ثمرات عوام تک براہ راست پہنچانے کیلئے صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ باہمی اختلاف کے نتیجہ سے پارٹی اور ضلع کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ دم توڑ گیا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں