جج صاحبان بغیر کسی خوف کے عوام کوفوری انصاف فراہم کریں، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ

بار اور بینج عوام کو انصاف مہیا کرنے کیلئے مل جل کر کام کریں،، وکلاء انصاف کے جلد حصول کیلئے عدلیہ سے بھرپور تعاون کرے، جسٹس سردارمحمد شمیم خان کا ڈسٹرکٹ باراٹک کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب

جمعہ 8 مارچ 2019 21:44

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2019ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ بار اور بینج عوام کو انصاف مہیا کرنے کیلئے مل جل کر کام کریں اور ججز کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی خوف اور دبائو کے عوام کو جلد اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ، وکلاء کو بھی چاہیے کہ وہ انصاف کے جلد حصول کیلئے عدلیہ سے بھرپور تعاون کرے ، روز محشر جرم کرنے اور اس کی حمایت اور تعاون کرنے والا بھی اسی سزا کا حقدار ہو گا جتنا کہ وہ ملزم ہے ، قتل اور زناء کے مقدمات میں ظلم کی حماعت کرنے والا وکیل بھی روز محشر اسی سزا اور جزا کا حساب دے گا جو یہ جرم کرنے والا دے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے نو منتخب عہدیداران ، صدر ملک اسرار احمد ، سیکرٹری رانا استفاد علی خان و دیگر عہدیداران اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ، تقریب سے جسٹس ہائی کورٹ لاہور صداقت علی خان ، انسپیکشن جج ضلع اٹک جسٹس مسعود عابد نقوی ، تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک اسرار احمد ، جنرل سیکرٹری رانا استفاد علی خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چوہدری ہمایوں امتیاز ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیراز کیانی ، ایڈیشنل سیشن ججز راجہ جہانزیب اختر ، ظفر اقبال ، ڈاکٹر ساجدہ چوہدری ، شازیہ ظفر راجہ ، سینئر سول ججز شفقت شہباز راجہ ، اویس محمد خان ، سول ججز ، ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی ، ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری ، ممبران پنجاب بار کونسل سید عظمت علی بخاری ، سجاد عباسی ، قوسین مفتی ، ممبر پاکستان بار کونسل ملک غلام مصطفی کندوال ، سابق صدور لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شیخ احسن الدین ، حسن رضا پاشا ، سینئر وکلاء رانا افسر علی خان ، ملک ربنواز حیات ، شیخ وقار عظیم ، چوہدری محمد اختر ، سردار محمد علی خان ایڈووکیٹس سمیت راولپنڈی ، گجر خان ، سوہاوہ ، تلہ گنگ ، ٹیکسلا ، جنڈ ، پنڈی گھیب ، فتح جنگ ، حسن ابدال اور دیگر مقامات سے آئے ہوئے بار ایسوسی ایشنوں کے عہدیداران ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سینئر صحافیوں اور خواتین وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ اپنے پیشہ کے ساتھ وفاء کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں آپ کو ترقی اسی وقت نصیب ہو گی جب آپ محنت اور دیانتداری سے کام کریں گے اور اپنی منزل کو عبور کر سکیں گے میں اٹک میں پہلی بار آیا ہوں اٹک بار پورے پاکستان میں اپنی پہچان رکھتی ہے 500 وکلاء کی تعداد ہے جن کیلئے سہولیات کا ہونا انتہائی ضروری ہے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جو سفارشات پیش کی گئی ہیں اس پر 2 رکنی کمیٹی جن میں جسٹس لاہور ہائی کورٹ صداقت علی خان اور جسٹس مسعود عابد نقوی شامل ہوں گے ان سفارشات پر فوری عملدرآمد کیلئے مجھے رپورٹ دیں گے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ کئیر ٹیکر کا جو کمرہ ضلعی حکومت کے پاس ہے اس بارے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انہیں رپورٹ دیں گے وکلاء کے مسائل جائز ہیں اور وکلاء جھوٹ نہیں بولتے ، فاضل چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن آمد پر اٹک کے معروف قانون دان سینیٹر ایم این اے احمد وحید اختر مرحوم بلاک کا افتتاح کیا اس موقع پر دعا معروف قانون دان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کرائی تقریب کے اختتام پر تحائف کا تبادلہ کیا گیا ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں