دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے رینجرز اور اٹک پولیس باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں گی، اٹک ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،ڈی پی او اٹک کی زیر نگرانی اپنے فرائض سرانجام دیں گی

سیکٹر کمانڈررینجرز بریگیڈیئر حماد ارشد کا ڈسٹرکٹ پولیس اٹک اور پاکستان رینجرز کے مشترکہ دربار سے خطاب

جمعرات 23 فروری 2017 20:04

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2017ء) دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے رینجرز اور اٹک پولیس باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں گی اور اس سلسلے میں اٹک ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت کی زیر نگرانی اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سیکٹر کمانڈرپاکستان رینجرز بریگیڈیئر حماد ارشد نے ڈسٹرکٹ پولیس اٹک اور پاکستان رینجرز کے مشترکہ دربار سے پولیس لائن اٹک میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت بھی موجود تھے۔ بریگڈیئر حماد ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں دہشت گردی کاخاتمہ کرنے کے لیے آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سرچ آپریشن اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ضلع اٹک میں دو سو رینجر ز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو اس آپریشن کے دوران اٹک پولیس کی معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اٹک ٹاسک فورس کے قیام سے ضلع بھر میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جائے گا اور ان کے لیے یہ زمین تنگ کردی جائے گی۔ اس آپریشن کے نتیجے میں ضلع امن و آتشی کا گہوارہ بن جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کے امن کو بری طر ح متاثر کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان کی مضبوط بنیاد فراہم کی جاسکے ۔ جہاں وہ امن و سکون سے زندگی گزار سکیں۔ انہوںنے کہا کہ ارض پاکستان ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم اس کو درپیش دہشت گردی کے اس ناسور کو اب بالکل ختم کردیں۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں