انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریبا چار لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر بدین

جمعہ 29 اپریل 2022 16:04

انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریبا چار لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر بدین
بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2022ء) ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے کہا ہے کہ 23 مئی 2022 سے شروع ہونے والی سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریبا چار لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گی. ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز خان نے گزشتہ روز کیمپ آفیس میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں انسداد پولیو مہم کی مائیکرو پلاننگ نگرانی کے موثر نظام ویکسینٹرز اور دیگر عملے کی تربیت پچھلی انسداد پولیو مہم کے دوران درپیش مسائل سمیت روٹین امیونائزیش اور مہم کے وسائل جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نجیب الرحمن جمالی اسسٹنٹ کمشنر بدین محمد ماجد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین ڈاکٹر شیر محمد نہڑیو ڈی ڈی ایچ او بدین ڈاکٹر ممتاز علی چانڈیو، ڈی ای او ایجوکیشن محمد صالح کوریجو ڈاکٹر عبداللہ جٹ سہیل راٹھور سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو اس موزی بیماری سے بچا کے لیے انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ روٹین امیونائزیش کے حفاظتی ٹیکے بھی دیئے جائیں تاکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو، خسرہ اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تقریبا چار لاکھ بچوں کو اورل پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے عوام میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں اور عوام میں پولیو ویکسینیشن اور حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے کی طرح انسداد پولیو کے ضمن میں اپنی کارکردگی جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ اس موزی بیماری کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جاسکے جس کے لیے ہمیں مزید سخت محنت درکار ہے۔

انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ انسداد پولیو مہم کی اورینٹیشن ورکشاپ میں شرکت کریں اور انسداد پولیو مہم کے دوران اپنا مثر کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر بدین نے انسداد پولیو مہم کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ قومی فریضہ کی ادائیگی میں کوآرڈینیٹشن اور حکمت عملی کے ساتھ مائیکرو پلاننگ پر عمل کرتے ہوئے 23 مئی 2022 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے 100 فیصد نتائج حاصل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی فریضہ کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افسران و عملہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ طلبا و طالبات اور ان کے والدین کی آگاہی کے لیے اسکولوں میں انسداد پولیو مہم سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے جائیں جبکہ نمایاں جگہوں پر پینا فلیکس آویزاں کیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو مزید ہدایت کی کہ گرمی کہ موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر میں بالخصوص بدین شہر میں ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کیے جائیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر کریم بخش گاڈائی نے ڈپٹی کمشنر بدین کو انسداد پولیو مہم سے متعلق مکمل بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں