بدین میں بھائی کے مبینہ تشدد سے جاں بحق بہن کو خاموشی سے دفنانے کا انکشاف

واقعے کا علم سوشل میڈیا سے ہوا ہے،خاتون کی قبر کشائی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، پولیس

جمعہ 5 اپریل 2024 21:06

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) ضلع بدین کے نواحی علاقے لنواری شریف کی رہائشی تین بچوں کی ماں34 سالہ انا انڑ زوجہ غلام مصطفی انڑ کو اپنے بھائی کی طرف سے سات ماہ قید میں رکھ کر بدترین تشدد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، خاتون نے حیدرآباد کے اسپتال میں دم توڑ دیا ہے، تشدد کے بعد کی وڈیوز اور خاتون کا دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، لاش کو خاموشی سے دفنانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدین کے علاقے لنواری شریف کی رہائشی انا انڑ کی موت سے پہلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہے کہ انا انڑ کی حالت تشویشناک لگ رہی ہے۔ بیان میں انا نے کہا کہ دادو کا رہائشی خادم انڑ اسے 7 ماہ تک جسمانی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا اور تشدد بھی کرتا رہا جس کے بعد خادم انڑ اسے حیدرآباد میں راستے پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

بھائی کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی انا کو علاقہ مکین نے اسپتال پہنچایا اور وہ وہیں پر دم توڑ گئی۔یہ بھی انکشاف ہوا کہ انا کو اس کے آبائی قبرستان لنواری شریف میں رات کے اندھیرے میں اس کا شوہر غلام مصطفی انڑ 24 مارچ کو خاموشی کے ساتھ دفنا گیا تھا۔تمام تر واقعہ کا انکشاف گزشتہ رات اس وقت ہوا جب تدفین کے وقت موجود ایک علاقہ مکین نے تدفین ہوتے ہوئے دیکھی اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تدفین کی بات منظر عام پر لے آیا۔ایس ایس پی بدین نے کہا کہ واقعے کا علم سوشل میڈیا سے ہوا ہے جبکہ خاتون حیدرآباد میں جاں بحق ہوئی، قبر کشائی کے لیے عدالت سے رجوع کرکے تفتیش شروع کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں