تھانے میں تشدد کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کا ویڈیو پیغام آ گیا

میں گھریلو تشدد کا شکار تھی، میرے شوہر آئس کا نشہ کرتے تھے۔ میرے شوہر نے مجھے تھانے کا کہا اور غنڈے بھیج کر مجھے مار پڑوائی۔ ڈاکٹر مریم حسین کی تحفظ کی اپیل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 30 جون 2022 12:49

تھانے میں تشدد کا شکار ہونے والی  لیڈی ڈاکٹر کا ویڈیو پیغام آ گیا
بہاولنگر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2022ء) پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد کے ایس ایچ او کے آفس میں ایک شخص نے لیڈی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید قمیض شلوار میں ملبوس ایک شخص خاتون کو مار رہا ہے اور اس دوران خاتون زمین پر گر جاتی ہے جس کے بعد وہ مذمت بھی کرتی ہے۔

ایس ایچ او سمیت وہاں پر موجود دیگر لوگ بیچ بچاؤ کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔تشدد کا شکار ہونے والی ڈاکٹر مریم حسین کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ میرے شوہر کے ساتھ نجی معاملات کی وجہ سے ان کے کہنے پر مجھے 24 جون کو ہارون آباد پولیس سٹیشن میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون نے مزید کہا کہ میں گھریلو تشدد کا شکار تھی، میرے شوہر آئس کا نشہ کرتے تھے۔

میرے شوہر نے مجھے تھانے کا کہا اور غنڈے بھیج کر مجھے مار پڑوائی۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے دوران میری ہڈیاں بھی ٹوٹ گئیں۔خاتون نے مزید کہا کہ تشدد کے بعد مجھے اب تک انصاف نہیں ملا ،میں چار بچوں کے ساتھ اکیلی رہتی ہو اور میری جان کو خطرہ ہے۔ میری حکام بالا سے گزارش ہے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بہاولنگر کے تھانہ سٹی ہارون آباد میں خاوند کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہاکہ تشدد کرنے والے ملزم کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ملزم کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔تھانے میں لیڈی ڈاکٹر پر تشدد کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ غفلت کے ذمہ دار پولیس افسروں کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جائے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں