حافظ آباد،معاشی خود کفالت اور ترقی کے لیے ٹیکس کلچر کا فروغ ناگزیر ،فخر السلام ڈوگر

تمام افراد اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ایمانداری سے ادا کریں توتعلیم ،صحت اور دیگر سماجی ضروریات احسن انداز میں پوری ہو سکتی ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس

منگل 10 اپریل 2018 23:21

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس/جنرل حافظ آباد فخر السلام ڈوگر نے کہا ہے کہ تعلیم ،صحت اور دیگر سماجی ضروریات اُسی صورت میں احسن انداز میں پوری ہو سکتی ہیںجب تمام افراد اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ایمانداری سے ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ معاشی خود کفالت اور ترقی کے لیے ٹیکس کلچر کا فروغ ناگزیر ہے اور بطور محب وطن پاکستانی ہمیں بھی اپنے حصہ کا ٹیکس ادا کرکے ملکی تعمیر و ترقی اور سماجی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام "ٹیکس ڈے "کے حوالہ سے پریس کلب حافظ آباد میں منعقدہ ایک سمینار اور بعد ازاں عوامی شعور و آگہی کے لیے کی جانے والی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ بہترین تعلیمی سہولیات ،علاج معالجہ اور سماجی بہبود اُسی صورت ممکن ہونگے جب خزانے میں خاطر خواہ وسائل موجود ہوں اور ایسا صرف ٹیکس وصولی سے ہی ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ٹیکس چوری کو کسی صورت معاف اور برداشت نہیں کیا جا تا اور وہاں پر دستیاب تمام مثالی سماجی سہولیات ٹیکس وصولی ہی کا نتیجہ ہیں جبکہ بد قسمتی سے ہمارے ہاں صورتحال یکسر مختلف ہے اور ہر کوئی ٹیکس بچانے کے کلچر میں نظر آتا ہے جس کے وجہ سے سماجی شعبوں میں مطلوبہ بہتری نظر نہیں آتی۔انہوں نے تقریب اور واک کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کلچر کے فروغ کے حوالہ سے دوسروں میں بھی شعور و آگاہی پیدا کریں تاکہ ٹیکس وصولی کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن زاہد منیربھٹی ،صدر انجمن تاجران شیخ محمد امجد ، ایکسائز انسپکٹر معظم سیان، ایکسائز آفیسر محمد عباس، ٹی او آر اکرام اللہ سندھو، خان کپتان خان سمیت سرکاری محکموں کے متعلقہ افسران ،تاجران اور معززین نے سیمینار اور واک میں شرکت کی ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں