لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کے الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرداریوں پر اراکین اسمبلی چودھری طارق بشیر چیمہ،سید علی حسن گیلانی،وزیرمملکت انجینئر بلیغ الرحمن،مخدوم خسروبختیار،سردار جمال لغاری ،سید افتخار حسن گیلانی اور اعجاز احمد سمیت متعلقہ حلقوں کے تمام امیدواروں کو طلب کر لیا

پیر 29 جولائی 2013 20:31

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جولائی۔2013ء) لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس کاظم علی ملک نے اراکین اسمبلی کیخلاف دائر انتخابی عذرداریوں پر چودھری طارق بشیر چیمہ،سید علی حسن گیلانی،وزیرمملکت انجینئر بلیغ الرحمن،مخدوم خسروبختیار،سردار جمال لغاری ،سید افتخار حسن گیلانی اور اعجاز احمد سمیت متعلقہ حلقوں کے تمام امیدواروں کو طلب کر لیا ، تاریخ پیشی پر حاضر نہ ہونے پر پٹیشنرمخدوم ارتضیٰ ہاشمی کو دو ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا ۔

صوبائی حلقہ پی پی 259مظفرگڑھ سے رکن صوبائی اسمبلی سردار خان محمد خان نے اپنے خلاف پٹیشن دائر کرنیوالے سردار سمیع اللہ خان کے خلاف زیر دفعہ66کے تحت درخواست دائر کر دی۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں الیکشن پٹیشن کے جج کاظم علی ملک نے الیکشن 2013ء کے حوالے سے 11الیکشن پٹیشنز کی سماعت کی ۔عدالت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 183بہاولپورIسے بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے مخدوم سمیع الحسن گیلانی کی مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی کے خلاف پٹیشن پر حلقہ کے تمام امیدواروں کو 13اگست،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 187بہاولپورVسے مسلم لیگ(ن) کے چودھری سعود مجید کی کامیاب ہونیوالے مسلم لیگ(ق) کے چودھری طارق بشیر چیمہ اورپی پی 267بہاولپورIسے مسلم لیگ(ن) کے حسن عسکری شیخ کی کامیاب ہونیوالے بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے مخدوم افتخار حسن گیلانی کے خلاف دائر پٹیشن میں حلقہ کے تمام امیدواروں کو 15اگست ،صوبائی حلقہ پی پی 245ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ(ن) کے ذیشان حیدر لغاری کی جانب سے سردار جمال لغاری کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن میں حلقہ کے تمام امیدواروں کو 16اگست،صوبائی حلقہ پی پی 289سے پیپلز پارٹی کے میاں محمد اسلم کی مخدوم خسرو بختار کے خلاف پٹیشن پر حلقہ کے تمام امیدواروں کو31اگست کو طلب کر لیا ہے اور اس حوالے سے نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔

الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185بہاولپورIIIسے بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے فاروق اعظم ملک کی مسلم لیگ(ن) کے کامیاب ہونیوالے وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن کے خلاف دائر پٹیشن پر فریقین کو 12اگست اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 260مظفر گڑھ Xسے مسلم لیگ(ن) کے غلام حسین ارشد کی آزاد کامیاب ہونیوالے محمد سبطین رضا کے خلاف پٹیشن پر فریقین کو 5اگست اور پی پی 278سے آزار امیدوار محمد ارشد کی مسلم لیگ(ن) کے کامیاب ہونیوالے شوکت علی لالیکا کے خلاف دائر پٹیشن پر فریقین کو 31اگست کے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل میں صوبائی حلقہ پی پی 259مظفر گڑھ IXسے پیپلز پارٹی کے سردار سمیع اللہ خان کی جانب سے دائر پٹیشن میں کامیاب ہونیوالے مسلم لیگ(ن) کے سردار محمد خان نے اپنا جواب داخل کرواتے ہوئے پٹیشنر کے خلاف زیر دفعہ 66کے تحت درخواست جمع کر وائی ۔کیس کی مزید سماعت 2اگست کو ہوگی ۔پی پی 291رحیم یارخان VIIسے پیپلز پارٹی کے مخدوم ارتضیٰ ہاشمی کی آزاد حیثیت میں کامیاب ہونیوالے مخدوم ہاشم جواں بخت کے خلاف پٹیشن میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مخدوم ارتضیٰ ہاشمی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے لہذ ایک مہلت کی استدعا ہے جس پر عدالت نے مخدوم ارتضی ہاشمی کو دو ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے اور 5اگست کو دوبارہ سماعت کی تاریخ مقرر کر دی ۔

اسی طر ح پی پی 288رحیم یار خان IVسے پیپلز پارٹی کے میاں غلام محی الدین کی آزاد حیثیت میں کامیاب ہونیوالے سردار محمد نواز کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت 5اگست تک ملتوی کر دی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں