تاریخی شہر اوچشریف کی مرکزی گذرگاہ جہانیاں روڈ کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہو گیا، تعفن زدہ پانی ٹھاٹھیں مارنے لگا، کاروبار ٹھپ ہوگیا، علاقہ مکینوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 15 جولائی 2021 13:27

تاریخی شہر اوچشریف کی مرکزی گذرگاہ جہانیاں روڈ کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہو گیا، تعفن زدہ پانی ٹھاٹھیں مارنے لگا، کاروبار ٹھپ ہوگیا، علاقہ مکینوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ
احمد پور شرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2021ء،نمائندہ خصوصی،احمد حسن اعوان) تفصیلات کے مطابق سوا لاکھ اولیاء اللہ کے مزارات کے حامل شہر سب تحصیل اوچشریف میں سیوریج سسٹم کے ناکارہ ہونے کے باعث گزشتہ کئی سالوں سے زیر زمین پانی میں آرسینک اور سنکھیا جیسے خطرناک زہروں کی مقدار بڑھتی جارہی ہے جسکی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں ہیپاٹائٹس،گھنٹیا، آرتھرائیٹس سمیت دیگر کئی خطرناک بیماریوں نے پھیلنا شروع کر دیا ہے جو کہ شہریوں کے لیے باعث تشویش ہے
 گزشتہ کئی ماہ سے شہر کی مرکزی گذرگاہ جہانیاں روڈ پر سیوریج کے پانی نے تباہی مچائی ہوئی ہے جس سے نہ صرف آمدورفت شدید متاثر ہے بلکہ شہر کی مین مارکیٹ کا کاروبار بھی تباہی کی جانب گامزن ہے جائیداد مالکان کوڑیوں کے بھاؤ اپنی املاک برائے فروخت کرکے ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے مبینہ مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو کہ کسی المیہ سے کم نہیں
متاثرین جہانیاں روڈ اس تکلیف بارے کئی مرتبہ انتظامیہ سمیت مقامی سیاستدانوں کے نوٹس میں ساری صورتحال لاچکے ہیں لیکن تاحال عملی طور پر کوئی ایکشن نظر نہیں آتا،
دوسری جانب مقامی ایم این اے اور ایم پی اے کے ترجمان نے یہ واضع کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخی شہر کے لیے میگا پراجیکٹس خاص طور پر سیوریج، میٹھے پانی، سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور بجلی فراہمی جیسےمنصوبے شروع کر دیئے ہیں جن پر خطیر لاگت آرہی ہے اور بہت جلد شہر کے مسائل میں واضع کمی دیکھنے کو ملے گی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں