مرغی کے انڈے چوری کرنے پر با اثر ملزم نے سفاکیت کی انتہا کردی

بچے کی آنکھ میں سرنج چبھو کر اس کی آنکھ ضائع کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 جنوری 2022 13:28

مرغی کے انڈے چوری کرنے پر با اثر ملزم نے سفاکیت کی انتہا کردی
احمد پور شرقیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2022ء) : مرغی کے انڈے چوری کرنے پر با اثر ملزم نے چار سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے سفاکیت کی انتہا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے میں بااثر ملزم نے چار سالہ بچے امان اللہ پر انڈے چوری کے الزام پر بہیمانہ تشدد کیا ، جب بچے پر تشدد کرنے سے سفاک شخص کا دل نہیں بھرا تو ملزم نے بچے کی آنکھ میں سرنج چبھو کر اس کی آنکھ ضائع کردی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ ڈیڑھ ماہ قبل پیش آیا تھا، واقعہ میڈیا پر نشر ہوا تو ملزم نے بچے کے اہل خانہ پر صلح کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے جبکہ پولیس نے بااثر ملزم کا ساتھ دیتے ہوئے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔ متاثرہ بچے کے والدین نے احمد پور شرقیہ کی مقامی عدالت میں درخواست جمع کروائی اور مقدمے کے اندراج کی درخواست کی ، عدالتی حکم پر پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا لیکن تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

(جاری ہے)

متاثرہ بچے امان اللہ کے والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملزم کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار معاملے کا نوٹس لیں اور ہمیں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی با اثر ملزمان غریب اور متوسط طبقوں کے ساتھ زیادتیاں کرتے اور قانون کے شکنجے سے بچ جاتے ہیں۔ لیکن پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہی رہتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پولیس کے اس رویے کی وجہ سے با اثر ملزمان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ قانون یا پولیس کو کسی خاطر میں بھی نہیں لاتے۔     

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں