جماعت اسلامی بہا ول پور کا اینٹی کرپشن مقدمات میں مطلوب محکمہ پولیس کے اشتہاری افسروں اورملازمین کی گرفتاری کے فیصلے کا خیرمقدم

جمعرات 30 اپریل 2015 21:07

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع بہا ول پور ڈاکٹر محمد اشرف ، امیر شہر ڈاکٹر خالد اقبال اور نائب امیر ضلع ڈاکٹر خیر محمد یونس نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے اینٹی کرپشن مقدمات میں مطلوب محکمہ پولیس کے اشتہاری افسروں اورملازمین کی گرفتاری کے فیصلے کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اب اس فیصلے پر فوری عملدرآمدہوناچاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں امیر اور بااثرافراد کے لئے الگ اور عام انسانوں کے لئے الگ قانون رائج ہے۔میڈیاکے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں اس وقت اشتہاری افسران کی تعداد500کے لگ بھگ ہے جن میں7ایس پی عہدے کے افسران سمیت21ڈی ایس پی،75انسپکٹر،93ایس آئی شامل ہیں۔اینٹی کرپشن محکمے نے9تحصیل داروں،27نائب تحصیل داروں،39قانونگواور65پٹواریوں کے نام بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کرپٹ افسران کوفوری طور پرگرفتار کرکے تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملوث افراد کوکڑی سے کڑی سزا دی جائے۔انہوں نے کہاکہ قانون کی نظریں سب پر برابر ہونی چاہئیں چاہے وہ پولیس یونیفارم میں ہویاسول کپڑوں میں اس کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔جب تک احتساب کانظام شفاف،ہر قسم کے اثرورسوخ اور امتیاز سے بالاتر نہیں ہوجاتا ملک میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کویقینی نہیں بنایاجاسکتا۔

کرپشن کے خاتمے یااس کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ اس میں ملوث تمام افرادخواہ وہ کسی بھی عہدے پربراجمان ہوں کے خلاف فوراً کاروائی کی جائے۔جماعت اسلامی بہاول پور کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ ایک طرف منافع بخش اداروں میں موجود کالی بھیڑوں نے اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے تودوسری جانب حکمران ان اداروں کواپنی نااہلیت چھپانے کے لئے اونے پونے بیچ رہے ہیں۔کرپشن اور بدعنوانی کا قلع قمع کے لئے ضروری ہے کہ میرٹ کابول بالاہو،اقرباء پروری سے نجات حاصل کی جائے اور ایمانداراور بے داغ کردار کے حامل افراد کوآگے لایاجائے اسی میں حکومت کی نیک نامی پنہاں ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں