آصف زرداری کا بیان دشمنوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے،وسیم اختر

بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے 6ماہ کا نعرہ لگانے والے ناکام ہو چکے، ملک بابرکت ماہ میں بھی اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ، قائداعظم سولر منصوبہ کی رائلٹی بہاول پور کودی جائے ،بہاول پور صوبہ بحالی کی قرارداد دوبارہ پنجاب اسمبلی میں پیش کی ہے،تقریب سے خطاب

پیر 22 جون 2015 18:13

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے آصف علی زرداری کے بیان کو دشمنوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان اس وقت دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے ملک کے لیے شہید ہو رہے ہیں اور اس وقت زرداری کی جانب سے اس طرح کے بیان سے اگر کسی کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے تو وہ انڈیا اور دیگر پاکستان دشمن طاقتیں ہیں جو کہ درست قدم نہیں ہے ۔

وہ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزازمیں افطارڈنرکی تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے 6ماہ کا نعرہ لگانے والے ناکام ہو چکے ہیں اور پاکستان اس بابرکت ماہ میں بھی اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ سولر انرجی پلانٹ کے نام پر کھربوں روپے حالیہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے کھاتے میں ڈال دئے گئے ہیں جس کا بہاولپور کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قائداعظم سولرانرجی منصوبہ سے 100 میگاواٹ بجلی بنانے کادعوی کیاگیاہے اوراس بجلی کو بھی نیشنل گرڈ میں منتقل کیاجارہاہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ قائداعظم سولر منصوبہ کی رائلٹی بہاول پور کودی جائے اوراس منصوبہ میں بہاول پورکے نوجوانوں کوترجیح دی جائے انہوں نے کہاکہ بہاول پور صوبہ بحالی کی قرارداد گذشتہ روزدوبارہ پنجاب اسمبلی میں پیش کی ہے بہاول پورصوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالہ سے اب کوئی رکاوٹ باقی نہ ہے لہذا ن لیگ کی حکومت اپنی وعدہ کے مطابق بہاول پورصوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبہ کی قیام کویقینی بنائے ڈاکٹرسیدوسیم اخترنے کہاکہ 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے شہرمیں سیوریج کامنصوبہ زیرتعمیرہے اوراب تک بہاول پورکے مضافاتی علاقوں میں 80 ہزار فٹ سیوریج لائن بچھائی جاچکی ہے اس منصوبہ کے مکمل ہونے کے بعد شہرکے سیوریج کے مسائل تقریبا حل ہوجائیں گے انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کاپہلا سرکاری بون میرو ٹرانس پلانٹ سینٹراپنی تعمیر کے آخری مراحل میں ہے اس منصوبہ کے مکمل ہونے کے بعد تھیلے سیمیا کے موذی مرض میں مبتلا بچوں کامکمل علاج ممکن ہوسکے گا ڈاکٹر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سستے رمضان بازاروں میں معیاری اور سستی خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کے برعکس سستے رمضان بازاروں میں غیر معیاری اشیا ء فروخت کی جارہی ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں جھیل کا منصوبہ بنانے کا حکومتی وعدہ بھی ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا اور دریا خشک ہونے کی وجہ سے بہاولپور میں پینے کے پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے جا چکی ہے اور خشکی کی وجہ سے پینے کے پانی میں آرسینک کی مقدار بڑھ جانے سے شہری پیٹ کی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے بہاول پورشہرمیں امن وامان کی بدترین صورتحال پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ آئے روز شہرمیں ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کاشکار ہیں پولیس کاعوام سے عدم تعاون شہریوں میں مزیدپولیس کے خلاف نفرت کاباعث بن رہاہے انہوں نے کہاکہ بہاول پورمیں بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے حکومت انڈسٹریل ٹیکس فری زون کے قیام کویقینی بنائے تاکہ بہاول پورکے بے روزگار نوجوانوں کوروزگارمیسرآسکے افطار ڈنرکے موقع پر جماعت اسلامی کی ضلعی قیادت کے علاوہ صحافیوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھے ۔

اس موقع پر امیرشہرڈاکٹرخالداقبال، نائب امیرسیدمقصودالحسن بخاری ،سرپرست بہاول پور رائٹرز فورم ملک حبیب اللہ بھٹہ ڈاکٹرمنصورباجوہ، صدرپریس کلب بہاول پور ڈاکٹرامین باسط، ڈائریکٹر آرٹ کونسل بہاول پور ریاض الحق بھٹی ، عبدالجلیل ہاشمی بھی موجودتھے آخر میں سابق نائب ناظم وصحافی ذکی خرم کی ہمشیرہ اور سابق مرکزی صدرانجمن تاجران بہاول پور سراج بدر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہو ئے ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی `

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں