حکومت عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے دنیا بھر میں امن کی خاطر کئے جانیوالے اقداما ت کی تاریخ پاکستان کا ذکر کیے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی،پاکستان کے سفارت کار ہوں یا افواج پاکستان حتیٰ کہ پولیس جہاں بھی ممکن ہوعالمی امن میں مثبت کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں

امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کی وفدسے گفتگو

منگل 14 جولائی 2015 16:21

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) حکومت پاکستان عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے خا ص طور پر اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے دنیا بھر میں امن کی خاطر کئے جانیوالے اقداما ت کی تاریخ پاکستان کا ذکر کیے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی ۔پاکستان کے سفارت کار ہوں یا افواج پاکستان حتیٰ کہ پولیس بھی جہاں بھی ممکن ہوعالمی امن میں مثبت کردار ادا کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فاروق احمد خان کی سر براہی میں وفدکے ساتھ واشنگٹن میں سفارت خانہ پاکستان میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ناصرف پاکستانی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے بلکہ پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اس کا اہم کردار ہے سفیر پاکستان جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وہ اپنی سفارتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ہمیشہ و طن عزیز پاکستان کی عزت و وقار کو پیش نظر رکھتے ہیں اس کے علاوہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی میں میل جول بڑھانے اور ان کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان فاروق احمد خان نے سفیر پاکستا ن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جہاں امریکہ کے مختلف شعبہ جات میں اپنی محنت لگن اور ایمانداری سے کا م کر کے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں وہاں انہیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان کو بھی انکی ضرورت ہے خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی اپنے وطن پاکستان میں جدید اور اعلیٰ تعلیم کے لئے اداروں کے قیام پر توجہ کرے تاکہ جہالت کے باعث پیدا ہونے والے مسائل دہشت گردی ، غربت وغیرہ کو دور کرنے میں مدد مل سکے اس کے علاوہ امریکی تعلیمی اداروں میں اپنے ہم وطنوں کو اعلیٰ تعلیم کے موقع فراہم کرنے میں معاونت کریں۔

فاروق احمد خان نے بتایا کہ چولستان ڈویلپمنٹ کونسل بہاولپور میں امن یونیورسٹی کے قیام کے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس میں تارکین وطن کے بچوں کے لئے خصوصی کوٹہ مقرر کیا جائیگا۔اس ملاقات میں سماجی رہنمامحترمہ رضیہ ملک ،علیم احمد خان ، محمد قاسم اور خاور راجپوت بھی شامل تھے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں