وکلاء تحریک پٹ جانے کی خوش فہمی والوں کی آنکھیں چیف جسٹس کے استقبال سے کھل جانی چاہئیں، اعتزاز احسن۔۔بھوربن معاہدہ پر لکیریں لگانیو الے محترمہ بے نظیر بھٹو کا وعدہ یاد رکھیں، وکلاء کنونشن سے خطاب

اتوار 27 جولائی 2008 12:33

وکلاء تحریک پٹ جانے کی خوش فہمی والوں کی آنکھیں چیف جسٹس کے استقبال سے کھل جانی چاہئیں، اعتزاز احسن۔۔بھوربن معاہدہ پر لکیریں لگانیو الے محترمہ بے نظیر بھٹو کا وعدہ یاد رکھیں، وکلاء کنونشن سے خطاب
بہاولپور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27 جولائی2008 ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وکلاء تحریک پٹ جانے کی جن کو خوش فہمی تھی ملتان شجاع آباد جلال پور پیروالا لودھراں اور بہاولپور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں چیف جسٹس کے شاندار استقبال سے ان کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں وکلاء تحریک کی پہلی منزل چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری اور ان کے برادر ججوں کی بحالی ہے وکلاء کے قدم نہیں ڈگمگائیں گے چلچلاتی سخت دھوپ اور گرمی میں سڑکوں کے کنارے کھڑے بیٹوں نوجوان بزرگوں اور خواتین نے نیا نعرہ دیا ہے کہ چیف جسٹس تیرے قافلے رکے نہیں تھمے نہیں ہائی کورٹ بارایسوسی یاشن بہاولپور کے زیر اہتمام آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کا چیف جسٹس سے بے حد پیار ہے وکلاء پرامن طورپر اسلام آباد میں جمع ہوئے اس وقت ان کی آنکھیں نہیں کھلیں تو اب ان کی آنکھیں ضرور کھل جانی چاہئیں ورنہ15 اگست کو نیا پروگرام دیں جو سابقہ پروگرام سے زیادہ موثر ہوگا انہوں نے بھوربن کے معاہدے پر لکیریں لگانے والے پیپلزپارٹی کے ساتھیوں کو یاد دلایا کہ نومبر2007 کو شہید بے نظیربھٹو نے چیف جسٹس کی دہلیز پر کھڑے ہوکر قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ و ہ چیف جسٹس کے گھر پر دوبارہ قومی پرچم لہرائیں گی جس کو پرویزمشرف نے اتاردیا ہے ان کو یاددلانا چاہتا ہوں ان کے وعدے کی آواز آج بھی گونج رہی ہے میں اپنے بھائی وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے شہید محترمہ کے وعدے پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا آؤ ہم دونوں بھائی چلتے ہیں او ر وہ پرچم لہراتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیربھٹو کے وعدے کو شرمندہ تعبیر نہ نہ کیا گیا اور اس کے برعکس روٹی کپڑا مکان پانی بجلی تیل کے مسائل کو اچھالا جارہا ہے میں ان مسائل کو تسلیم کرتا ہوں تیل کی قیمتوں کے اثرات منفی پڑ رہے ہیں ان مسائل کو حل کرو لیکن ججوں کی بحالی جہاں عدلیہ آزاد نہ ہو وہاں سرمایہ یرغمال بن جانے کے ڈر سے سرمایہ کاری نہیں کرتا آزاد عدلیہ کی بناء پر سرمایہ کاری ہونے سے صنعتیں لگیں گی پیداوا رمیں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ وکلاء ملک بچانے نکلے ہیں آؤ ہمارے ساتھ چلو انہوں نے خبردار کیا کہ افتخار چوہدری کے بغیر ججوں کی بحالی ہرگز قبول نہیں کوئی جج ان کے بغیر عدالتوں میں نہیں جائیں گے اگر کسی نے اس کے برعکس کیا تو وہ پی سی او جج کہلائے گا انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سمیت ان کے برادر ساتھیوں سمیت ان کے عہدوں پر رونق افروز ہوتے تک جدوجہد جاری رہے گی چیف جسٹس افتخار چوہدری سوموٹو ایکشن کے تحت قیمتوں میں اضافے کاجائزہ لے رہے تھے کہ ان کو تین نومبر کو قید کردیاگیا انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ ججوں کی بحالی کے بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پٹیشن داخل کرونگا انہوں نے کہا کہ پٹرول کی عالمی سطح پر قیمت میں اضافے کی بات تو سمجھ آتی ہے لیکن سی این جی کو کیوں مہنگا کیاگیا انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ حکومت باہر سے چودہ پندرہ سو ٹن گندم درآمد کررہی ہے لیکن ملک کے کسان کو625 روپے دے رہی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسان کو درآمدی گندم کی قیمت کے برابر گندم کی قیمت ادا کی جائے لیکن عوام کو سبسڈی دیکر موجودہ نرخوں پر آٹا فراہم کیاجائے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں