صدرزرداری نے دوستی کی آڑ میں ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا ،ان کے دن گنے جاچکے ہیں ، شہبازشریف

پیر 2 مارچ 2009 16:02

خیر پورٹامیوالی+بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ ۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری ایک دھوکے باز شخص ہیں جنہوں نے دوستی کی آڑ میں ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا اوران کے دن گنے جاچکے ہیں۔وہ پیر کو بہاولپور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم موبائل عدالتوں اور پی سی او ججوں کو نہیں مانتے یہ موبائل عدالتیں صرف لیگی کار کنوں اور وکلاء کے خلاف بنائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ان حالات سے گھبرانے والے نہیں ہیں ڈٹ کر ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک آمر سے نجات حاصل کی تو دوسراآمر جمہوریت کی آڑ میں آگیا اور مشرف کی پالیسیاں جاری رکھے ہوئے ہے جوشخص جمہوریت اور دوستوں کے ساتھ مخلص نہ ہو وہ ملک کیلئے مخلص کیسے ہو سکتا ہے؟ ایسے عناصر کا مزید اقتدار مین رہنا خطرے سے خالی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

میاں شہباز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک اہم قوت کے اشاروں پر سوات اور پاکستان کے اندر قتل و غارت گری کرنا چاہتے ہیں اور اسی قوت کو پاکستان کے اندر لانا چاہتے ہیں سیاسی جماعتوں اور وکلاء کے خلاف ایک بھیانک سازش کی جا رہی ہے پاکستان کے ٹکڑے کرنی کی سازش جاری ہے ہم پاکستان بچانا چاہتے ہیں چاہے اس کیلئے ہمیں جو بھی قربانی دینی پڑی ہم دیں گے اوراصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کریں گے۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف نے مخدوم جاوید ہاشمی کی موجودگی میں ایک بند کمرے میں بلوچستان کے وزیر اعلی ٰ اسلم رئسانی سے بھی ملاقات کی اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں